ccp کی طرف سے عنقریب ایوارڈ تقریب کا انقعاد کیا جائے گا

لاہور( پ ر) کالمسٹ کونسل آف پاکستان کی عید ملن پارٹی وطن ریسٹورنٹ لاہور میں منعقد کی گئی۔ عید ملن پارٹی کا اہتمام سی سی پی کے صدر ایم اے تبسم نے کیا۔ جس میں پاکستان بھر سے کالمسٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سی سی پی کے چیئرمین شاہد رضا علوی جوعلالت کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے انہوں نے ٹیلی فونک خطاب میں سی سی پی کے ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب اسلام آباد میں ایوارڈ دینے کی تقریب کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی سی پی کی دن دگنی اور رات چگنی ترقی پر ایم اے تبسم ، عقیل خان ، وسیم نذر اور امتیازعلی شاکرکے ساتھ ساتھ دیگر ممبرز کا بہت اہم کردار ہے۔ تقریب کے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سی سی پی کے صدرایم اے تبسم نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے تقریب میں شرکت کرکے اس کو چار چاند لگادیے۔ انہوں نے اس موقعہ پر کالم نویسوں کے نام ایک پیغام میں کہا کہ وہ ایک دوسرے پر کیچڑ نہ اچھالیں بلکہ قوم کی توجہ اہم امور کی طرف دلانے کی کوشش کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ عنقریب سی سی پی کا وفد پی ایم سے ملاقات کرکے ان سے ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کرے گا۔سی سی پی کے سینئر نائب صدر عقیل خان نے پارٹی میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا سی سی پی بہت جلد پاکستان کی نمبر ون کونسل ہوگی۔ انہوں نے کہا ہمار امنشور ملک کی خدمت کرنا ہے اور معاشرے کی برائیوں کو حکام بالا کے سامنے لانا ہے۔

سی سی پی کے تمام کالمسٹ کے لیے دروازے کھلے ہیں خواہ وہ کسی بھی اخبار میں لکھتا ہو ۔ امتیازعلی شاکر نے کہا کہ نوجوان کالم نویس ہمارا سرمایہ ہیں ، ہم کسی صورت بھی ان کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ،انہوں نے کہا کہ ccp نوجوان نسل کے ہاتھوں میںگولہ بارد کی بجائے کتاب اور قلم دیکھنا چاہتی ہے اسی لیے ccp ہر نئے لکھنے والے کی حوصلہ افزائی کرئے گی۔ ، وسیم نذر، ذیشان انصاری، ساحر قریشی اور لیگل ایڈوائزر رضا ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ عید ملن پارٹی کے آخر میں حکیم کرامت علی نے سی سی پی اور پاکستان کی کامیابیوں کے لیے دعا کرائی۔