چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو خوبصورت بنانے میں سی ڈی اے ملازمین کا ایک اہم کردار ہے

اسلام آباد : چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو خوبصورت بنانے میں سی ڈی اے ملازمین کا ایک اہم کردار ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ ان کے حقوق کا نہ صرف تحفظ کرے گی بلکہ ان کی مذید فلاح وبہبود کے لئے تمام وسائل برو ئے کار لائے گی۔ انہوں نے یہ بات سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں سی ڈی ے مزدور یونین (سی بی اے)کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں کہی جس میں سی ڈی اے کی طرف سے حج مقدس کا فریضہ سر انجام دینے کے لئے جانے والے 30 ملازمین کو سفری دستاویزات حوالے کی گئیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ حج کے فریضہ کی ادائیگی کے لئے جا رہے ہیں ان کی حیثیت پاکستان کے سفیر کی سی ہے اس لئے انہیں اس بات کا خیال رکھنا ہو گاکہ وہ وہاں ایسا کوئی قدم نہ اُٹھائیں جس سے سی ڈی اے اور پاکستان کی نیک نامی پر کوئی حر ف آئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ جو لوگ اس مبارک سفر پر جا رہے ہیں وہ اللہ کے مہمان اور پسندیدہ لوگ ہیں ان سے درخواست کرتاہوں کہ وہ جہاں اپنی بخشش کے لئے دعا کریں گے۔

وہاں سی ڈی اے، اسلام آباد اور خاص طور پر پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بھی دعا کریں کہ اللہ تعالی ارض پاکستان کو تمام مصیبتوں اور آفتوں سے بچائے اور اس ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ سی ڈی اے انتظامیہ، ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی اور ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے مزید اقدامات اُٹھائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بہت جلد ایسا پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے تحت سی ڈی اے ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیم کے لئے نہ صرف ملکی یونیورسٹیوں بلکہ بیرون ممالک اعلی تعلیم کے لئے بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ ادارے کی گرتی ہوئی ساکھ اور مالیاتی طور پر مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں اور اپنے اثاثے بیچ کر اخراجات چلانے کی پریکٹس کو ختم کر دیں گے۔ اس موقع پر سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انوائرنمنٹ احسن علی منگی، ممبر پلاننگ و ڈیزائن وسیم احمد خان، ممبر انجینئرنگ ثناء اللہ امان، ممبر اسٹیٹ شائستہ سہیل، ممبر فنانس ارباب شیر بہادر کے علاوہ سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین، صدر اورنگزیب خان اور اسلام آباد کی 16 مزدور تنظیموں کے رہنمائوں جن میں ٹکا خان، راجہ وقار حسین، محمد اسلم عادل، میاں رحمان غنی، محمد اکرم بھٹی اور دیگر عہدیداران کے علاوہ ملازمین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے خوش نصیب عاومین حج کو مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کا شکریہ ادا کیا کہ سی ڈی اے کی جانب سے ہر سال ملازمین کو حج پر بھیجا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ عمل 2006 سے شروع کیا گیا تھا اور سی ڈی اے مزدور یونین کو آٹھویں مرتبہ سعادت حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف ایک بہترین منتظم ہیں اور ان کی قیادت میں ادارہ ترقی کی منازل کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیئرمین سی ڈ ی اے کے دست بازو بن کر ادارے کی ترقی کے لئے دن رات کام کریں گے۔