برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے ہیلی کوپٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کوپٹر پر بھارتی فوج کی ایل او سی پر واقع ایک پوسٹ سے اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اس ہیلی کوپٹر پر آزاد کشمیر کے ایک قریبی دیہات میں تعزیت کے لیے جارہے تھے۔ البتہ وہ اس حملے میں بال بال بچ گئے۔
علی رضا سید نے برسلز سے اپنے ایک بیان میں اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوجی کافی عرصے سے ایل او سی پر اس طرح کے حملے کرکے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کرتے آرہے ہیں۔ اسی طرح سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہاکہ اس مظالم کے باوجود بھارت کشمیریوں کے حوصلے کم نہیں کرسکتا۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کرتے ہیں اور مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ بھارت ہرگز اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔ کشمیری اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہم بھارت کا اصل ظالمانہ چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔
علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایل او سی پر گھمبیر صورتحال کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم روکوانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔