چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے جلد ملیں، اسحاق ڈار کا خورشید شاہ سے رابطہ

Ishaq Dar - Khurshid Shah

Ishaq Dar – Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین نیب کے تقرر کے معاملے پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے لندن میں رابطہ کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے شکوہ کیا کہ وزیراعظم کو آپ کی طرف سے دو نئے ناموں کا انتظار ہے جس کا آپ نے وعدہ کیا تھا۔ جلد از جلد چیئرمین نیب کا تقرر کرنا ہے۔ بات چیت کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق فوری طور پر چیئر مین نیب کے تقرر کے اقدامات کرنا ہیں، آپ نے کہا تھا کہ لندن جانے سے پہلے اس معاملے پر کسی نتیجے پر پہنچیں گے، آل پارٹیز کانفرنس میں بھی چیئرمین نیب کے تقرر پر بات ہوئی مگر ابھی تک بات نہیں بنی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وہ 19 ستمبر کو وطن واپس پہنچ رہے ہیں، اس معا ملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے رابطے کی تصدیق کی اور کہا کہ چیئرمین نیب کے تقرر کے معاملے پر فوری طور پر مل بیٹھنے پر صلاح مشورہ کیا ہے۔ قائد حزب اختلاف کی واپسی پر جلد از جلد چیئرمین نیب کا تقرر کیا جائے گا۔