چکوال کی خبریں 28.03.2013

جمعرات کے روز ریٹرننگ آفیسر چوہدری انوار احمد خان کی عدالت میں صرف 2 اُمیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعرات کے روز ریٹرننگ آفیسر چوہدری انوار احمد خان کی عدالت میں صرف 2 اُمیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرانے والوں میں آزاد اُمیدوار شیخ وقار علی نے حلقہ پی پی 20 جبکہ مسلم لیگ (ق) کے اُمیدوار چوہدری محمد علی خان نے بھی حلقہ پی پی 20 پر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے۔ جمعرات کے روز بھی کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرنے والوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ 29 مارچ (آج) کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی آخری تاریخ ہے اور جمعے کے روز تمام بڑی جماعتوں کے اُمیدوار کاغذات نامزدگی داخل کرائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 60 میں راجہ یاسر سرفراز، پی پی 20 میں علی ناصر بھٹی جبکہ پی پی 21 میں پیر شوکت حسین کرولی کو ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 60 میں راجہ یاسر سرفراز، پی پی 20 میں علی ناصر بھٹی جبکہ پی پی 21 میں پیر شوکت حسین کرولی کو ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں۔ تاہم پیر شوکت حسین کرولی جو حلقہ این اے 60 کا الیکشن لڑنے میں دلچسپی رکھتے ہیں نے اس فیصلے کو پارٹی کی ہائی کمان کے سامنے نظر ثانی کرنے کی استدعا کی ہے۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے ابھی تک کوئی اُمیدوار کنفرم نہیں ہوا ہے جس سے سیاسی حلقوں کا اندازہ ہے کہ ابتدائی فارمولے کے مطابق ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر تمام اُمیدوار مسلم لیگ (ق) نے نامزد کرنے ہیں اور اسی وجہ سے مسلم لیگ (ق) نے سردار غلام عباس کے ساتھ 3 سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کر لی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے 5 اُمیدواروں حلقہ این اے 61 سردار ممتاز ٹمن، حلقہ پی پی 22 سردار ذوالفقار علی خان دلہہ، پی پی 23 ملک ظہور انور، پی پی 20 چوہدری لیاقت علی خان، پی پی 21 ملک تنویر اسلم سیتھی شامل ہیں جبکہ حلقہ این اے 60 میں ایاز امیر کو ٹکٹ دئیے جانے کی میڈیا اطلاعات ہیں مگر ابھی تک ماڈل ٹاؤن لاہور کے ہیڈ کوارٹر سے اس کی تصدیق نہیں
ہو سکی ہے۔ معلوم ہوا کہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے چاروں اُمیدواروں کو کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جن میں میجر (ر) طاہر اقبال، آل عمران اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) ضلع چکوال کے صدر چوہدری لیاقت علی خان نے جمعرات کے روز بتایا کہ پارٹی کی ہائی کمان کو حلقہ این اے 60 کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ (ن) ضلع چکوال کے صدر چوہدری لیاقت علی خان نے جمعرات کے روز بتایا کہ پارٹی کی ہائی کمان کو حلقہ این اے 60 کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے اور اُنہیں یقین ہے کہ پارٹی کی ہائی کمان، مسلم لیگ (ن) کے ورکرز اور عہدیداروں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔ وہ مخدوم پور شریف مرید میں پیر مستوار قلندر کی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 60 میں جس طرح گذشتہ پانچ سالوں میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی گئی اور خصوصی طور پر مذہبی حلقوں میں سابق رکن قومی اسمبلی کے حوالے سے جو شدید ردِعمل ہے وہ آنے والے انتخابات میں پارٹی کو سخت نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال میں مذہبی ووٹوں کی حمایت ہی مسلم لیگ (ن) کا اصل اثاثہ ہے اور سابق رکن قومی اسمبلی کو ٹکٹ دینے سے یہ فیصلہ کن مذہبی ووٹ مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے دستبردار ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمعیت العلمائے اسلام (ف) ضلع چکوال کے زیر اہتمام موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعیت العلمائے اسلام (ف) ضلع چکوال کے زیر اہتمام موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس کی قیادت قاری عبد الغفار، حافظ عبد القدیر، مولانا عطاء الرحمن، قاری نور عالم اور حافظ محمد سعید نے کی۔ ریلی کچہری مسجد سے شروع ہوئی اور شہر کی مختلف سڑکوں پر نعرہ بازی کرتی بھون چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی 31 مارچ کو لاہور میں منعقد ہونے والی اسلام زندہ باد کانفرنس کے
حوالے سے نکالی گئی۔ حافظ عبد القدیر نے بتایا کہ ایک بڑا جلوس چکوال سے کانفرنس میں شرکت کے لئے اتوار کو چکوال سے لاہور جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کلرکہار پولیس نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال کی طرف سے دئیے جانے والے حکم پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کلرکہار پولیس نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال کی طرف سے دئیے جانے والے حکم پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ احمد رضا ولد غلام ربانی ساکن میانی نے نوید بٹ ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں درخواست دی کہ تھی کہ وہ موٹر سائیکل پر سوار اپنے گھر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل اور کار پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کر دی اور اُس کے گھر کے گیٹ کے باہر بھی فائرنگ کی۔ درخواست گزار کے مطابق یہ سب کارروائی ایم پی اے ملک تنویر اسلم کی ایماء پر کی گئی۔ اے ایس آئی محمد فاروق نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اُدھر درخواست گزار احمد رضا نے فاضل عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ کلرکہار پولیس نے فاضل عدالت کے واضح احکامات کے باوجود ایم پی اے ملک تنویر اسلم کا نام ایف آئی آر میں درج نہیں کیا ہے۔