چکوال کی خبریں : 4.04.2013

ریٹرننگ آفیسر چکوال چوہدری انوار احمد خان نے جمعرات کے روز مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی اور حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار ایاز امیر کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے

چکوال (اعجاز بٹ) ریٹرننگ آفیسر چکوال چوہدری انوار احمد خان نے جمعرات کے روز مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی اور حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار ایاز امیر کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے۔ چیئرمین پریس کلب چکوال خواجہ بابر سلیم محمود نے خواجہ خالد فاروق ایڈووکیٹ کے ذریعے اعتراض داخل کیا اور ایاز امیر کے تین کالم اعتراض کے ساتھ لف کئے تھے جس میں ایاز امیر نے اپنا شراب نوش ہونے اور نظریہ پاکستان کی مخالفت میں بھرپور لکھا تھا جبکہ ایاز امیر نے بھی فاضل عدالت کو بتایا کہ یہ کالم اُنہوں نے خود لکھے ہیں اور یہ اُن کا اپنا نقطہ نظر ہے۔ فاضل جج نے مختصر حکم سناتے ہوئے بتایا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
چکوال (اعجاز بٹ) ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے اُمیدواروں کا باضاطہ اعلان نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے انتخابی سرگرمیاں تقریباً ٹھس ہو گئی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے بھی حلقہ این اے 60 پر تین اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن میں ایاز امیر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم اور میجر (ر) طاہر اقبال شامل ہیں۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے بھی حلقہ این اے 60 پر راجہ یاسر سرفراز کو گرین سگنل دیا ہے مگر پیر شوکت حسین کرولی بھی میدان میں ہیں، باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان ایڈجسٹمنٹ اور مشترکہ اُمیدوار بھی ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں جبکہ دونوں جماعتوں کے اُمیدواروں نے اپنے اپنے طور پر کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔ دُوسری طرف آزاد پینل گروپ کے سربراہ سردار غلام عباس جنہوں نے تین نشستوں پر مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کی ہے اُنہوں نے دھواں دھار انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے اندرونی انتشار کی وجہ سے مسلم لیگ کی ہائی کمان بھی شدید دباؤ کا شکار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آنے والے عام انتخابات کے سلسلے میں اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے
چکوال (اعجاز بٹ) آنے والے عام انتخابات کے سلسلے میں اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپلز پارٹی کے شاہ جہان سرفراز راجہ حلقہ پی پی 20، راجہ ثناء الحق ایڈووکیٹ حلقہ این اے 60 اور پی پی 21 پر ناصر مگھال، عبد الجبار چلہ اور راجہ اسد ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزدگی درست قرار دئیے گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی مہوش سلطانہ، راجہ ساجد اقبال، پیر عبد الشکور نقشبندی، حافظ عبد القدیر، قاری عبد الغفار، ارسلان شوکت قادری جبکہ آزاد اُمیدوار حلقہ پی پی 20 چوہدری عقیل عباس چکرال کے کاغذات نامزدگی بھی درست قرار دئیے گئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ 7 اپریل کو مکمل ہو گا جس کے بعد کاغذات مسترد یا منظور ہونے کے خلاف ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سردار غلام عباس نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہی اُن کا اثاثہ ہے اور گذشتہ نصف صدی سے ہمارا خاندان ضلع چکوال کے عوام کی خدمت کر رہا ہے
چکوال (اعجاز بٹ) آزاد پینل کے سربراہ اور سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہی اُن کا اثاثہ ہے اور گذشتہ نصف صدی سے ہمارا خاندان ضلع چکوال کے عوام کی خدمت کر رہا ہے اور ضلعی حکومتوں کے نظام میں ضلع چکوال میں جو ریکارڈ ترقی ہوئی ہے اُس کی مثال قیام پاکستان سے لے کر اب تک نہیں ملتی۔ وہ قصبہ چک نورنگ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا اہتمام اعجاز حسین منہاس نے کیا تھا جنہوں نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیاسی جماعتوں سے کوئی غرض نہیں، ہمارا ووٹ سردار غلام عباس کے لئے ہے اور 11 مئی کو آزاد پینل کو کامیاب کرائیں گے۔ جلسے سے چوہدری مظہر حسین پنوال، ارشد حسین نذر، چوہدری اعجاز حسین فرحت اور خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔ سردار غلام عباس نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں ضلع چکوال کے عوام کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئی ہیں اور جس طرح جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے ہیں 11 مئی کو ان فرعونوں کا احتساب ہو گا۔ چوہدری اعجاز حسین فرحت نے کہا کہ عوامی خدمت ہی ہمارا مشن ہے اور اسی جذبے سے آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آستانہ عالیہ حسینیہ حنفیہ بھنگالی شریف کے سجادہ نشین مخدوم عباس ہمدانی نے حلقہ این اے 49 اسلام آباد کے لئے آزاد اُمیدوار اور معروف سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی کی حمایت کا اعلان کیا ہے
چکوال (اعجاز بٹ) آستانہ عالیہ حسینیہ حنفیہ بھنگالی شریف کے سجادہ نشین مخدوم عباس ہمدانی نے حلقہ این اے 49 اسلام آباد کے لئے آزاد اُمیدوار اور معروف سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مخدوم عباس ہمدانی نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کے تمام خانوادے جن میں گولڑہ شریف، بری امام اور موہڑہ شریف شامل ہیں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ صوفی ازم کا پرچار کرنے والے ڈاکٹر غضنفر مہدی کو کامیاب کرایا جائے۔ مخدوم عباس ہمدانی نے اپنے عقیدت مندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈاکٹر غضنفر مہدی کی بھرپور انتخابی مہم چلائیں اور اُنہیں کامیاب کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
متعدد پٹواری اور گرداور مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کی انتخابی مہم میں سرگرم ہو گئے
چکوال (اعجاز بٹ) متعدد پٹواری اور گرداور مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کی انتخابی مہم میں سرگرم ہو گئے۔ ڈھڈیال میں تعینات طارق نواز پٹواری نے اپنے گاؤں ارڑ برڑ میں مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار ایاز امیر کا جلسہ منعقدکروایا اور جلسے کے تمام اخراجات خود برداشت کئے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں تعینات ہونے والے محکمہ مال کے تمام پٹواری اور گرداور سیاسی اور سفارشی بنیادوں پر تعینات ہیں اور ان کی موجودگی میں شفاف الیکشن کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر چکوال اس تمام صورت حال کا سنجیدہ نوٹس لیں۔