چکوال کی خبریں 14.05.2013

مسلم لیگ (ن) منشور کمیٹی کے رکن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب اراکین اسمبلی کے گھروں میں جا کر اُن کو مبارکباد دی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ (ن) منشور کمیٹی کے رکن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب اراکین اسمبلی کے گھروں میں جا کر اُن کو مبارکباد دی۔ جنرل قیوم نے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال، ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان، ایم پی اے ملک تنویر اسلم اور ایم این اے سردار ممتاز ٹمن کو مبارکباد دی۔ میجر (ر) طاہر اقبال کے ساتھ بزرگ مسلم لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد المجید ملک بھی موجود تھے جبکہ ایم پی اے ملک تنویر اسلم کے ساتھ اُن کے والد ملک اسلم سیتھی جبکہ چوہدری لیاقت سے ملاقات کے دوران اُن کے صاحبزادے حیدر سلطان بھی موجود تھے۔ جنرل عبد القیوم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے شک ضلع چکوال نے ایک دفعہ پھر ثابت کیا ہے کہ چکوال شریف برادران کا مضبوط قلعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مرکز اور پنجاب میں حکومت ایک چیلنج سمجھ کر بنائے گی اور ملک کو درپیش دہشت گردی، امن و امان کی صورت حال بنانے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک تحفظ پاکستان کے سابق اُمیدوار پیر عبد الشکور نقشبندی نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) تحریک تحفظ پاکستان کے سابق اُمیدوار پیر عبد الشکور
نقشبندی نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اُنہیں ووٹ دئیے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے میاں نواز شریف کو بھاری مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ ملک میں خلافت راشدہ کے نظام کے قیام کے لئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس خان نے کہا ہے کہ وہ ضلع چکوال کے عوام کے شکر گزار ہیں
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس خان نے کہا ہے کہ وہ ضلع چکوال کے عوام کے شکر گزار ہیں کہ اُنہوں نے میرے ساتھ بے پناہ محبت اور خلوص کا اظہار کیا ہے۔ حلقہ این اے 60 میں آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے 1 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرنا اور پھر حلقہ پی پی 22 میں 48 ہزار ووٹ یقینا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ وہ پیر کے روز الیکشن آفس میں اظہار یکجہتی کے لئے آنے والے اپنے حمایتیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کے تجربے پر اُنہیں کوئی ندامت نہیں کہ ایک دم ایسے حالات پیدا ہوئے کہ میرے پاس اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں تھا کہ عوام کے حقوق اور اُن کے مسائل کے حل کے لئے مخالفین کو کھلا میدان دے دوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال کی سیاست میں سردار گروپ آئندہ بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ فتح اور شکست ہمارے لئے کوئی نئی چیز نہیں اور ہم نے اپنی ہر شکست کو خندہ پیشانی سے قبول کیا ہے اور پھر نئے جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کے لئے کبھی میدان کھلا نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انتخابی معرکہ مستقبل قریب میں ہوا یا بلدیاتی انتخابات ہوئے تو ہم ہر صورت میدان میں موجود ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پہلوان گروپ کے رہنما شیخ وقار علی نے کہا ہے کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر ہمارے خلاف دھاندلی ہوئی ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پہلوان گروپ کے رہنما شیخ وقار علی نے کہا ہے کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر ہمارے خلاف دھاندلی ہوئی ہے جس کے ہمارے پاس ثبوت
موجود ہیں۔ عوام کو آزادانہ ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لئے مناسب ماحول فراہم نہیں کیا گیا۔ پبلک سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقار علی نے کہا کہ قومی انتخابات میںالیکشن لڑنے کا یہ ہمارا پہلا تجربہ تھا لہٰذا آئندہ مزید بہتر انداز میں تیاری کر کے میدان میں اُتریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ غریب، محنت کش، دستکاروں کے حقوق کے لئے پہلوان پبلک سیکرٹریٹ سے جدوجہد جاری رہے گی اور عوام کی خدمت کا مشن بہرصورت جاری رکھا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پیر وقار حسین کرولی نے کہا ہے کہ سردار غلام عباس کا تحریک انصاف چھوڑنا ضلع چکوال میں تحریک انصاف کی شکست کا باعث بنا تھا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پیر وقار حسین کرولی نے کہا ہے کہ سردار غلام عباس کا تحریک انصاف چھوڑنا ضلع چکوال میں تحریک انصاف کی شکست کا باعث بنا تھا اور سردار غلام عباس نے تحریک انصاف چھوڑ کر نہ صرف اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری بلکہ مخالفین کے لئے بھی میدان کھلا چھوڑ دیا۔ پیر کے روز پیر خانہ چکوال میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر وقار حسین نے کہا کہ سردار غلام عباس اور پاکستان تحریک انصاف دونوں کے ووٹ ضلع چکوال میں مسلم لیگ (ن) کو پڑنے والے ووٹوں سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکل حالات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کو اپنا پہلا الیکشن ہونے کے باوجود ضلع چکوال کی تمام چھ نشستوں پر عوام نے بھرپور پذیرائی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو ضلع چکوال میں مزید مضبوط بنایا جائے گا اور انشاء اللہ مستقبل پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔