چکوال کی خبریں 3/11/2013

ڈرون حملوں پر مسلم لیگ ن کی ایک واضح پالیسی موجود ہے

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری ظفر اقبال جھگڑا نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں پر مسلم لیگ ن کی ایک واضح پالیسی موجود ہے۔ اور اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی، ہمارا موقع آج بھی وہی ہے جو روز اول سے تھا۔ وہ برمنگھم میں چکوالیوں کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔مسلم لیگ ن مڈ لینڈ کے صدرچوہدری عارف اقبال ،جنرل سیکرٹری ملک فتح خان اور فرینڈز گروپ کے چیئرمین چوہدری اظہر چکرال اور دیگر چکوالیوں نے ظفر اقبال جھگڑا کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ برٹش ممبر آف پارلیمنٹ برمنگھم مرزا خالد محمود اور کونسلرز چوہدری ادریس،چوہدری غضنفر،چوہدری امجد، اور شفیق وغیرہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے دیرینہ کارکنوں اور قربانیاں دینے والے ساتھیوں کو نہیں بھولی۔ انہیں ان کا جائز مقام ضرور دلایا جائیگا۔ تاہم میاں نواز شریف حکومت کی پہلی ترجیح ملک کو درپیش بڑے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ،بجلی کا بحران، ڈرون حملے اور دیگر بڑے مسائل اولین اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مقامی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ڈسٹرکٹ کونسل پلازہ سیکورٹی رسک بن گیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مقامی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ڈسٹرکٹ کونسل پلازہ سیکورٹی رسک بن گیا۔ پلازہ پر قابض پاسپورٹ ایجنٹوں نے نہ صرف مقامی دکانداروں کے لیے مشکلات پیدا کر دیں بلکہ اکیڈمی آنیوالی طالبات اور پاسپورٹ آفس آنے والی خواتین کے لیے بھی مسائل پیدا کر دئیے، ضلع کونسل پلازہ پر ریجنل پاسپورٹ آفس قائم کیا گیا ہے۔ جہاں پر ضلع چکوال اور گردونواح کے دور دراز علاقوںسے روزانہ سینکڑوں افراد پاسپورٹ کے حصول کے لئے آتے ہیں اور ضلع کونسل پلازہ کے تینوں داخلی راستوں پر ایجنٹوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ پاسپورٹ ایجنٹ پلازہ میں بنائی گئی اکیڈمیوں میں تعلیم کے حصول کے لئے آنیوالی طالبات کو بھی پکڑ لیتے ہیں اور انہیں کھینچ کر اپنی طرف لے جانے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے آئے روز لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل مذکورہ ایجنٹوں کو ایک آپریشن کے ذریعے ہٹایا گیا مگر سیاسی مداخلت پر چوبیس گھنٹوں بعد یہی لوگ دوبارہ پلازے پر قابض ہو گئے۔پلازہ کے دکانداروں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام خصوصاً ڈی سی او چکوال اور ڈی پی او سے فوری طورپر مذکورہ ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وجوان لڑکیوں کو حیلے بہانوں سے تنگ کرنے والا پچاس سالہ رنگیلا بڈھا بے نقاب ہو گیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)نوجوان لڑکیوں کو حیلے بہانوں سے تنگ کرنے والا پچاس سالہ رنگیلا بڈھا بے نقاب ہو گیا۔پراچہ خاندان کا راولپنڈی کا رہائشی پچاس سالہ بلیک میلر بڈھا این پراچہ پیپلزپارٹی کے ایک سابق ایم پی اے کا قریبی رشتہ دار بتایا جاتا ہے،معلوم ہوا ہے کہ بحریہ ٹائون میں رہائش پذیر پچاس سالہ بلیک میلر بڈھا گزشتہ کئی ماہ سے اپنے موبائل فون نمبر0336-9799509سے مختلف لڑکیوں کو بلیک میل کر کے انہیں لوٹ رہا تھا۔گزشتہ روز ایک جگہ بلیک میل کرنے کے لیے پہنچا تو اس کی درگت بنا دی گئی۔ اور بڈھے نے وہاں سے بھاگ جانے میں عافیت سمجھی۔ موصوف کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے چار درخواستیں مختلف تھانوں میں دیدی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
4مسلح ڈاکو خواتین کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقد رقم اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)4مسلح ڈاکو خواتین کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقد رقم اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واقعہ محلہ لائن پارک قبرستان کے ساتھ ملحقہ آبادی میں پیش آیا جہاںپر چار مسلح ڈاکو گھر کے اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود ساس اور بہوکو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر گھر میں موجود ایک لاکھ روپے کی نقدی و دس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود، ایس ایچ او سٹی انسپکٹر زراعت کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور خود تمام حالات و واقعات کا جائزہ لیا۔شہر کی ناکہ بندی کروا دی گئی ادھر ایس ایچ او سٹی انسپکٹر زراعت نے ڈاکوئوں کے زیر استعمال ایکس ایل آئی کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے موٹروے پولیس افسران کی خدمات حاصل کر لیں اور انٹرچینجز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔