اسلام آباد (جیوڈیسک) ترکی کے دورے پر موجود چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ترکی کی آئینی عدالت کے صدر کی دعوت پر سرکاری دورے پر ترکی میں ہیں، جہاں انہوں نے قونیا میں ترک صدر سے ملاقات کی۔
سپریم کورٹ کے تعلقات عامہ کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف جسٹس نے ملاقات کے دوران ’ پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان خاص محبت اور پیار‘ کے رشتے پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ترک صدر رجب طیب ایروان نے مولانا جلال الدین رومی کے شہر میں چیف جسٹس کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کے لوگوں کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ قونیا میں مولانا رومی کی برسی کی مناسبت سے ’ عرس‘ کی تقریب میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے شرکت کی اور وہاں یادگاری واقعات کی تقریب میں’سماح‘ کا مشاہدہ کیا۔
اس سے قبل انقرہ میں چیف جسٹس نے ترکی کی آئینی عدالت کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زوہتو ارسلان سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے باہمی مفاد کے قانونی اور عدالتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق چیف جسٹس نے اپنے ترکش ہم منصب کو پاکستان کے عدالتی نظام کے کاموں سے آگاہ کیا، ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی عوام کے بنیادی حقوق کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ارسلان نے چیف جسٹس کو ترکی کے عدالتی نظام کے کام کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا اور آگاہ کیا کہ ترکی کا آئینی عدالتی نظام یورپ میں قدیم نظام میں سے ایک ہے۔
ملاقات کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور ترکی کے آئینی عدالت کے صدر نے ’دونوں ممالک کی اعلیٰ ترین عدالتون کے درمیان ادارتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا‘۔