چین میں زلزلے سے ہلاکتیں 100 ہوگئیں، 2200 سے زائد زخمی

China Earthquake

China Earthquake

بیجنگ(جیوڈیسک)چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں ایک طاقتور زلزلے سے 100 افراد ہلاک اور 22 سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔امریکی ارضیاتی سروے نے کہا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.6 تھی اور اس کا مرکز لِنچیانگ شہر80 کلومیٹر مغرب میں تھا۔سروے نے بتایا ہے کہ جھٹکے سطحِ زمین سے 12.3 کلومیٹر نیچے وقوع پذیر ہوئے۔ اس علاقے میں پہلے بھی زلزلے آتے رہے ہیں۔

مئی 2008 میں اسی صوبے میں آنے والے زلزلے میں 90 ہزار کے قریب لوگ مارے گئے تھے۔ حالیہ زلزلے کی شدت پہلے 7.0 اور پھر 6.9 بتائی گئی تھی۔ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق یہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے پیش آیا۔

چین کے سرکاری خبررساں ادارے شن ہوا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے115 کلومیٹر دور صوبائی دارالحکومت چینگدو میں بھی محسوس کیے گئے۔ شنہوا نے کہا ہے کہ اب تک صرف دس افراد کے مرنے کی تصدیق ہوئی ہے، لیکن دوسرے سرکاری میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔