چین ہانگ کانگ کا معاملہ ’انسانی طریقے‘ سے حل کرے، صدر ٹرمپ

Chinese Military

Chinese Military

ہانگ کانگ (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ کا معاملہ ’انسانی طریقے‘ سے حل کرے۔ ہانگ کانگ میں جاری مظاہروں کے تناظر میں خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ بیجنگ حکومت ہانگ کانگ میں براہ راست مسلح مداخلت کر سکتی ہے۔

جمعرات پندرہ اگست کو سامنے آنے والی تصاویر میں ہزاروں چینی فوجی ہانگ کانگ کی سرحد کے قریب دیکھے جا سکتے تھے۔ چینی فوج کی بھاری نفری اس وقت ہانگ کانگ کی سرحد کے قریب چینی صوبے شین زین میں موجود ہے۔ اس کے ہم راہ سینکڑوں فوجی گاڑیاں اور ٹرک بھی ان تصاویر میں واضح نظر آتے تھے۔

چین کے سرکاری میڈیا نے رواں ہفتے ہی کہا تھا کہ پیپلز آرمڈ پولیس کے بعض دستے، جو مرکزی عسکری کمیشن کے زیر نگرانی کام کرتے ہیں، شین زین میں جمع ہو رہے ہیں۔

یہ عسکری نقل و حرکت ایک ایسے موقع پر دیکھی جا رہی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ کسی بھی تجارتی معاہدے کو ہانگ کانگ میں سیاسی بحران کے پرامن حل سے نتھی کر دیا ہے۔ چین کا نیم خود مختار علاقہ ہانگ کانگ گزشتہ دس ہفتوں سے شدید مظاہروں کی زد میں ہے۔

واشنگٹن حکومت کی جانب سے چینی سکیورٹی فورسز کے ہانگ کانگ کی سرحد پر اجتماع پر گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ ہانگ کانگ میں مظاہرین جمہوری اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے کہا، ”چین میں لاکھوں ملازمتیں ختم ہو رہی ہیں۔ ہزاروں کمپنیاں چین چھوڑ رہی ہیں۔ ظاہر ہے چین چاہتا ہے کہ امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہو جائے۔ انہیں پہلے ہانگ کانگ کا مسئلہ انسانی طریقے سے حل کرنا چاہیے۔‘‘

دنیا کا نواں مہنگا ترین شہر چینی دارالحکومت بیجنگ ہے، جہاں مکانات کی قیمتیں اور کرائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ بیجنگ کے انٹرنیشنل اسکول بھی اپنی فیس میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چینی کرنسی یوان کی قدر میں استحکام سے چینی شہروں میں زنگی بسر کرنا مشکل تر ہو گیا ہے۔

ٹرمپ کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا، ”مجھے ذرا بھی شک نہیں کہ صدر شی جن پنگ چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ جلد اور بہتر طریقے سے حل ہو، وہ یقیناﹰ ایسا کر سکتے ہیں۔‘‘

یہ بات بھی اہم ہے کہ سن 1997 میں برطانیہ نے ہانگ کانگ کا انتظام واپس چین کے سپرد کر دیا تھا۔ اس وقت ایک معاہدہ طے کیا گیا تھا، جس کے تحت ہانگ کانگ کے لوگوں کے لیے زیادہ شہری آزادیاں یقینی بنائی گئی تھی، تاہم حالیہ مظاہرے 1997 کے بعد سے اس شہر میں ہونے والے سب سے بڑے احتجاجی اجتماعات ہیں۔