چین: پولیس اسٹیشن پر مسلح افراد کا حملہ جوابی کارروائی میں 13 مارے گئے

China

China

بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے شورش زدہ صوبہ سنکیانگ میں پولیس اسٹیشن پر مسلح افراد کا حملہ، جوابی کارروائی میں 13 مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سنکیانگ کے علاقے کاشغر کے ضلع کارگلک کے مقامی پولیس اسٹیشن پر چند نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، حملہ آور ٹرک پر سوار تھے اور مین گیٹ کو توڑ کر عمارت میں گھس گئے، اندر پہنچ کر پہلے انہوں نے دھماکا کیا اور بعد ازاں اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں 13 حملہ آور مارے گئے۔ حملہ آوروں کی صحیح تعداد کے متعلق پتہ نہیں چل سکا۔ مقامی حکام کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام نے حملہ آوروں کی شناخت اور واقعہ کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور چند روز قبل ایک اور پولیس اسٹیشن میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث تھے تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ سنکیانگ میں گزشتہ چند ماہ سے حالات خراب ہیں اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ ماہ ایک مارکیٹ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 90 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ گزشتہ ماہ ہی نامعلوم افراد نے ایک ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکا کیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ان افراد نے بم نصب کرتے وقت چاقو کے وار کر کے کئی افراد کو زخمی بھی کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں کی اکثریت ہے۔ حکومت اورا یغور آبادی کے درمیان شدید رنجش پائی جاتی ہے۔ ایغور افراد کو شکایت ہے کہ انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے اور حکومت اس سلسلے میں اقدامات نہیں کر رہی۔