آئینی مدت کا فارمولا منتخب حکومت پر اپلائی ہوتا ہے ’چنتخب‘ پر نہیں: مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ آئینی مدت پوری کرنے کا فارمولا منتخب حکومت پر اپلائی ہوتا ہے ’چُنتخب‘ حکومت پر نہیں۔

جاتی عمرہ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری، یوسف رضا گیلانی اور پیپلزپارٹی کے وفد کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو جمہوریت پسند لوگ چاہتے ہیں جبکہ تحریک انصاف اور عمران خان قوم کا مجرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پر روز منہگائی کی صورت میں قیامت ٹوٹتی ہے، غیر منتخب حکومت نے تین سال میں عوام کی زندگی تنگ کر دی ہے، حکومت کی سپورٹ ختم ہوتی نظر آرہی ہے، تحریک انصاف کے خلاف ہر صوبے میں بغاوت ہو رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئینی مدت پوری کرنے کا فارمولا منتخب حکومت پر اپلائی ہوتا ہے’چُنتخب‘ حکومت پر نہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہم صرف اور صرف سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں، اوپن بیلٹ کا فیصلہ کرنا ہے تو یہ کام پارلیمان کا کام ہے عدالت کا نہیں، یہ عدالت کو داغدار کرنے والی بات ہے، اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئین میں تبدیلی پارلیمان نے لانی ہے، ہم جعلی حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔