آئین جمہوریت، قانون کی عملداری، بنیادی حقوق کی اقدار پرمبنی ہے، چیف جسٹس

Tasadduq Hussain Jilani

Tasadduq Hussain Jilani

لاہور (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹرجسٹس تصدیق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کاآئین مقدس دستاویز ہے۔آج ہمیں تباہ کن ہتھیاروں اور غیر ریاستی عناصر سے خطرات لاحق ہیں۔

لاہور میں ایف سی کالج کی 150ویں سالگرہ کی تقریب میں چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ ویسے تو ججز اپنے فیصلوں کے ذریعے بولتے ہیں لیکن آج وہ نوجوانوں سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم انتہا پسندی اور بنیاد پرستی سے آزاد کرتی ہے اورسوچنے اور سوال کرنے والے انسان پیدا کرتی ہے، ایسے انسان زندگی کو حقیقت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا تھا کہ خوف کے علمبردار تباہی مچارہے ہیں ،لوگ روزانہ مارے جا رہے ہیں ، ملکی آئین جمہوریت، قانون کی عملداری، برداشت، بنیادی حقوق اور سستے انصاف کی اقدار پر مبنی ہے، ان اقدار کو عدم برداشت، انتشار، افراتفری، اور قتل و غارت سے سخت خطرہ ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی امن اور بھائی چارے کے لئے خطرہ اور ہر اس شہری کے لئے چیلنج ہے جو تبدیلی چاہتا ہے۔