ہم تعمیر وترقی کے حوالہ سے ہر یونین کونسل کو ایک ماڈل اور مثالی یونین کونسل بنائیں گے : چوہدری عابد رضا کوٹلہ

کھاریاں : مسلم لیگ ن کے راہنما ایم این اے چوہدری عابدرضا کوٹلہ نے مہمند چک میں میاں عطاء اللہ کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعمیر وترقی کے حوالہ سے ہر یونین کونسل کو ایک ماڈل اور مثالی یونین کونسل بنائیں گے ایک گائوں اور یونین کونسل سے تمام مسائل کاخاتمہ کرکے تب دوسری دوسری کونسل میں مسائل کے خاتمہ کا آغاز کرینگے۔

تعلیم اور صحت کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کرینگے سفارت اور رشوت اور تھانہ کلچر کاخاتمہ کرکے انصاف عوام کی دہلیز پرفراہم کرینگے حلقہ میں تعمیراتی کام وہ کرینگے جو کوالیفائیڈ اور معیار پر پورا اترنے والے ٹھیکیدار ہی کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ کو اس طرح مثالی حلقہ بنائوں گا کہ پاکستان کے عوام حلقہ این اے 107 کی مثال دیا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فورم پر آپ کی نمائندگی کاحق ادا کروں گا اور آپ محسوس کریں گے کہ آپ نے جس نمائندہ کاانتخاب کیاہے وہ آپ کے مسائل کو کس طرح اجاگر کررہاہے پاکستان اور اسلام کیخلاف اگر اسمبلی میں کوئی بل پاس ہوا تو اس کے سامنے ایک آہنی دیوار بن جائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کام کاآغاز کردیاجائے گاآئین اور قانون کی بالادستی اولین ترجیح ہوگی میاں نوازشریف ایک محب وطن اور محب اسلام لیڈر ہیں اور پوری قوم کی توقعات ان سے وابستہ ہیں کہ وہ ہمارے مسائل کوحل کرینگے۔