کورونا، بھارت میں کیسز میں تیزی سے اضافہ، آسٹریلوی ریاست میں رات کا کرفیو نافذ

 Coronavirus

Coronavirus

آسٹریلیا (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں دو دن کے اندر ایک لاکھ نئے کیسز سامنے آگئے۔ آسٹریلوی ریاست وکٹوریہ کو آفت زدہ قرار دے کر رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا۔

بھارت میں ہفتے کو 57 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد متاثرہ لوگوں کی کل تعداد 17 لاکھ کو چھُو رہی ہے۔ ملک میں اب تک سرکاری طور پر کورونا سے 36,500 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ تاہم حکام کا اصرار ہے کہ آبادی اور مریضوں کے لحاظ سے بھارت میں شرح اموات باقی دنیا کے مقابلے میں کافی کم ہے اور اس میں مزید کمی آرہی ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق ملک میں اب تک قریب 11 لاکھ لوگ کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

آسٹریلیا

ادھر آسٹریلیا کی آبادی کے لحاظ سے دوسری بڑی ریاست وکٹوریہ میں اتوار کو ہنگامی حالت کا اعلان کر کے رات کا کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ ریاست میں پہلے ہی لاک ڈاؤن نافذ تھا لیکن اس کے باوجود پچھلے ہفتے کے دوران کیسز اور اموات میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اتوار کو 671 نئے کیسز اور سات اموات نوٹ کی گئیں۔

نئے اقدامات کے تحت میلبرن شہر کی 50 لاکھ آبادی سمیت ریاست میں لوگوں کو رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک اپنے گھروں پر رہنا ہوگا۔ بدھ سے تمام اسکول صرف آن لائن کلاسوں کے ذریعے پڑھائی جاری رکھیں گے۔

جرمنی میں ہفتے کو دارالحکومت برلن میں پولیس نے کورونا وائرس کے حوالے سے نافذ پابندیوں کے خلاف ہونے والا مظاہرہ ختم کرا دیا۔ اس مظاہرے میں لگ بھگ 20 ہزار لوگ شریک ہوئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ لوگوں کو ماسک پہننے پر مجبور کرے اور انسان کی قوت مدافعت کی جگہ ویکسین کو فوقیت دے۔ پولیس نے مظاہرین کو ضوابط توڑنے پر متنبہ کیا، تاہم اس پر مظاہرین کی جانب سے شور مچایا گیا۔

بعد میں پولیس نے مظاہرين پر ہلا بول دیا اور مظاہرہ منتشر کر دیا۔ اس کارروائی میں 18 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب جرمنی میں حکام کورونا کیسز میں اضافے پر اظہار تشویش کر رہے ہیں۔ جرمنی میں اب تک 210,670 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 9,150 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

پاکستان میں اب تک قریب دو لاکھ 80 ہزار افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار کے قریب ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چودہ ہزار ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 553 کیسز سامنے آئے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف چھ اموات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ قریب تین مہینوں کے دوران اب تک کی کم ترین تعداد ہے۔

کورونا وبا سے دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد پونے دو کروڑ سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ہلاکتیں 683,766 ہو چکی ہیں۔

وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں 46 لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ مجموعی ہلاکتیں ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہیں۔