کرونا وائرس ہلاک شدگان کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی

Corona Virus

Corona Virus

بیجنگ (اصل میڈیا ڈیسک) چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ وائرس دیگر ملکوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے اور گزشتہ روز جرمنی نے پہلے کرونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔

خبر کے مطابق، چین میں کرونا وائرس سے جہاں ہلاکتیں ہو رہی ہیں وہیں چین کی معیشت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

چین میں مختلف سفری پابندیوں اور ملکی کرنسی یوآن کی قدر میں کمی کے باعث پیدا ہونے والی معاشی صورت حال پر تاجر پریشان ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت بیجنگ میں کرونا وائرس کا پہلا واقعہ منظر عام پر آیا ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 106 ہو گئی ہے جبکہ اس وائرس سے 4193 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

بعض ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کئی گنا زیادہ ہے۔

جرمنی کے محکمہ صحت نے گزشتہ شب تصدیق کی ہے کہ ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکہ اور کینیڈا نے اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کر دیا ہے ۔

یاد رہے کہ امریکہ میں اب تک 5 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور حکام نے مزید 100 افراد کا تجزیہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں کرونا وائرس کے مزید واقعات سامنے آ سکتے ہیں۔

کینیڈا میں بھی دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 19 شہریوں میں اس وائرس کی موجودگی کو جانچا جا رہا ہے۔