مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں نے راولپنڈی اسلام آباد سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں

مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں نے راولپنڈی اسلام آباد سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری نے حلقہ این اے 48۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے رہنماء سعید رضوی نے بھی راولپنڈی کے حلقہ این اے 55کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئے۔ اس موقع پر درجنوںکارکنان بھی امیداروں کے ہمراہ تھے۔ علامہ اصغر عسکری نے این اے 48کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست کا مرکز دین ہے۔

انشا ء اللہ پارلیمنٹ میں پہنچ کر جہاں نظریہ پاکستان کی حفاظت کریں گے وہیں غریب عوام کیلئے بھی مضبوط آواز بلند کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو چند سیاسی پارٹیوں نے اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا لیکن عوام کی تقدیر نہ بدل سکی۔ اب عوام کے پاس ووٹ کی طاقت موجود ہے جس کے ذریعہ سے وہ ان پارٹیوں اور نام نہاد سیاسی رہنماوں کا راستہ روک سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان شیعہ سنی نے ملکر بنایا تھا اور انشاء اللہ آج کی اس حفاظت بھی ملکر ہی کریں گے۔ کوئٹہ کے دو سانحات اور سانحہ عباس ٹاؤں کے ذریعہ دشمن ملک میں فرقہ وارایت کرانا چاہتا تھا لیکن بابصیرت قیادت اور شیعہ سنی باہمی اتحاد نے پاکستان دشمنوں کی اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ جمہوری حکومت نے پانچ برس تو پورے کیے لیکن عوام کے مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں۔

آج دہشتگردی کا آسیب نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے اور آئے روز معصوم اور بیگناہ لوگوں کا خون بہایا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ جلد ہی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔