ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا

Load Shedding

Load Shedding

ملک کے بیشتر شہروں میں لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے۔ کوہاٹ اور کشمور میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ رمضان کا مہینہ اور واپڈا کی جانب سے جاری طویل لوڈ شیڈنگ ہے۔ لوڈشیڈنگ کے بے قابو جن سے پریشان عوام بھی ہے اور اب بے قابو نظر آتی ہے۔ کوہاٹ میں لوڈشیڈنگ کے مارے شہریوں کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا اور احتجاج کرنے نکل پڑے۔ مشتعل مظاہرین نے پنڈی روڈ پر واقع گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا اور گرڈ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کر کے دل کی بھڑاس نکالی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی بیس گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ ظلم ہے۔

کشمور میں بھی شہریوں نے گذشتہ تین دن سے بجلی نہ ہونے کیخلاف سندھ بلوچستان انڈس ہائی وے احتجاجا بلاک کردی۔ احتجاج کے سبب ٹریفک کی روانی معطل اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں میں بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو ہلکان کر رکھا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کے معمولات زندگی کو بری طرح متا ثر کر رکھا ہے۔