ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 96، مجموعی کیسز 5716 ہو گئے

Coronavirus in Pakistan

Coronavirus in Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 96 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 35، سندھ 31 اور پنجاب میں 24 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال
آج ملک میں اب تک کورونا کے مزید 173 کیسز سامنے آئے ہیں۔

آج اب تک پنجاب سے 170 اور آزاد کشمیر سے 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب
پنجاب میں آج اب تک کورونا کےمزید 170 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 2826 تک جا پہنچی ہے جب کہ 24 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں نئے کیسز کی تصدیق کی۔

عثمان بزدار کے مطابق 1059 عام شہری، ڈی جی خان اور ملتان کے 701 زائرین، 89 قیدی اور 977 تبلیغی جماعت کے ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا کے 508 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں آج اب تک کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

سندھ
سندھ میں پیر کو کورونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1452 اور ہلاکتیں 31 ہوگئی ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 30 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 419 ہوگئی ہے۔

بلوچستان
صوبے میں پیر کو صرف ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد بلوچستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 231 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق وائرس کے شکار مریضوں میں 18 ڈاکٹرز اور 3 پیرامیڈکس بھی شامل ہیں۔

محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں کورونا کے 124مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبے اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں پیر کو 56 نئے کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی۔ صوبے میں کل ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 800 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 8 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 153 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں پیر کو کورونا کے مزید 12 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 131 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 9 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 233 ہو گئی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 155 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستانی سائنسدانوں کی اہم کامیابی
ڈاؤیونیورسٹی کے ماہرین نے کورونا کے علاج میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی کے مطابق انٹرا وینیس امیونوگلوبیولن ویکسین کوروناکے خلاف جنگ میں اہم پیشرفت ہے۔

کورونا وائرس کے دماغی صحت پر اثرات کتنے عرصے تک رہیں گے؟
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جب سے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن لگایا ہے اس وقت سے ہی زیادہ تر لوگ کہیں نہ کہیں ڈپریشن اور بے چینی کا شکار ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلف آئسولیشن میں موجود افراد میں کورونا وائرس کے دماغی صحت پر اثرات لمبے عرصے تک بھی رہ سکتے ہیں۔

جانیے: کورونا وائرس کوئی بائیولوجیکل ہتھیار ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔

وفاقی حکومت کا لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں پہلے 14 اپریل تک توسیع کی گئی تھی لیکن اب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا فیصل کرلیا ہے جس کا اعلان آج ہوگا۔

سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ
وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع
حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔