ملک میں کورونا سے ہلاکتیں 462 اور مجموعی کیسز 20186 ہو گئے

Coronavirus - Pakistan

Coronavirus – Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 24 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 459 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 20134 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 180 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 130 اور پنجاب میں 121 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 21، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج کے کیسز کی صورتحال
اتوار کو ملک بھر سے کورونا کے 1312 نئے کیسز اور 24 ہلاکتیں سامنے آئیں، پنجاب میں 640 کیسز اور 6 مزید افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سندھ میں 363 نئے کیسز اور 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی 8 افراد جاں بحق اور 222 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ بلوچستان میں 2 اموات اور 46 نئے کیسز، اسلام آباد میں 28، گلگت میں 8 اور آزاد کشمیر میں 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ
سندھ میں کورونا کے مزید 363 مریض سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 7465 اور 8 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہونے کے بعد اموات کی تعداد 130 ہو گئی ہے۔

حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 1555 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پنجاب
پنجاب سے اتوار کو کورونا کے 640 کیسز اور 6 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

نئے کیسز اور ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7494 اور ہلاکتیں 121 تک پہنچ گئی ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 640 نئے کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 7494 ہو گئی ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان کے مطابق اب تک 768 زائرین سنٹر ز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 4714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں بھی اتوار کو کورونا وائرس کے مزید 28 کیسز سامنے آئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 393 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں اتوار کو کورونا سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 180 تک جاپہنچی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 222 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3129 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 811 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان
بلوچستان میں اتوار کو مزید 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتیں 21 ہوگئیں۔

صوبے میں مزید 46 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1218 ہوگئی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق نئے کیسز میں 44 کوئٹہ اور 2 پشین میں رپورٹ ہوئے۔

صوبے میں اب تک 197 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 8 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 364 تک پہنچ گئی ہے۔

محکہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں 4، استور میں 3 اور اسکردو میں ایک شہری میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 266 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں مزید 5 میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 71 ہو گئی ہے، 44 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

جرمنی نے کورونا کی ویکسین تیار کر لی، انسانوں پر آزمائش شروع
جرمنی کی ایک دوا ساز کمپنی نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرکے اس کی انسانوں پر آزمائش شروع کر دی ہے۔

کورونا کے علاج کیلیے ہنگامی طور پر ریمڈیسویر کے استعمال کی منظوری
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیویرکو کوروناکے علاج کے لیے ہنگامی بنیادوں پر استعمال کرنے کی منظوری دے دی۔

سندھ میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن پورے رمضان جاری رکھنے کا اعلان
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے صوبے میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن کو پورے رمضان میں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن پورے رمضان تک جاری رکھا جائے گا، 23 اپریل کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کو ہی توسیع دی گئی ہے۔

ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز کی بندش میں 7 مئی تک توسیع
ملک بھرکے ائیرپورٹس سے علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں 7 مئی تک توسیع کردی گئی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پابندی کے دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 15 مئی تک توسیع کر رکھی ہے۔

ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر
ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔