ملک نازک حالات کا شکار، سب کو مل کر سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا : شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی نے کل پاکستان اجتماع عام کی تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ لیاقت بلوچ کی سربراہی میں وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ، وزیر اعلیٰ نے کمشنر لاہور کو حکومت کی جانب سے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیکرٹری امیر العظیم اور لاہور کے امیر میاں مقصود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اکیس تا تئیس نومبر مینار پاکستان کی گرائونڈ میں ہونے والے اجتماع کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔

ملک و قوم کو احتجاج اور انتشار کی سیاست نہیں ، اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سب کو ملک کیلئے ذاتی مفادات اور انا چھوڑ کر بالغ نظری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔