ملک میں بجلی بحران شدید، شارٹ فال 6500 میگاواٹ سے تجاوز

Short Fall

Short Fall

لاہور: (جیو ڈیسک)لاہور ملک میں بجلی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، شارٹ فال ساڑھے چھ ہزار میگاواٹ سے بھی بڑھ گیا۔ لاہورکوبجلی فراہم کرنے والی مین لائن بند ہوگئی۔ پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں 18سے 20گھنٹے تک غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لیسکو حکام کے مطابق لاہورکے 65 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے۔

شہر کے شمالی اور جنوبی علاقے مکمل تاریکی میں ڈوب گئے،نیشنل پاور کنٹرول سنٹر بھی جبری لوڈ شیڈنگ کر رہا ہے۔ چھٹی کے باوجود لاہورمیں صرف 3گھنٹے بجلی فراہم کی جا سکی،لیسکو کا شارٹ فال 2700 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔

ادھر نیشنل ڈسپیچ اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 8ہزار 8سو میگاواٹ اور طلب 15ہزار 5سو ہے ،شارٹ فال 6ہزار 7سو میگاواٹ تک جاپہنچا ہے، اس صورتحال میں لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر عمل ممکن نہیں۔ پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں 18سے 21 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔