ملک و قوم اور مشرف دشمن ٹولہ جھوٹی افواہیں پھیلا رہا ہے عوام ان پرتوجہ نہ دیں: طاہر حسین

کراچی: مشرف کو عدلیہ سے غدار قرار دلانے میں ناکامی کے بعد ملک و قوم دشمن ٹولے نے مشرف کی عوامی مقبولیت و حمایت کو نقصان پہنچانے کیلئے نئی سازشوں کا آغاز کردیا ہے اور آل پاکستان مسلم لیگ کیخلاف ڈس انفارمیشن مہم چلائی جارہی ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی اور عدالتوں پر حملے کے بعد سیکورٹی خدشات کے تحت کشمیر روڈ پر واقع اے پی ایم ایل ہا¶س کو فی الوقت بند کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دہشتگردی اور کارکنوں کو جانی نقصان سے محفوظ رکھاجاسکے مگر مشرف دشمن عناصر اے پی ایم ایل کی اس پیش بندی کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے کارکنان کو مایوسی کا شکار کرنے کی سازش کررہے ہیں۔

طاہر حسین نے کہا کہ کارکنان اور عوام جھوٹی افواہوں پر ہر گزتوجہ نہ دیں آل پاکستان مسلم لیگ مکمل طور منظم و فعال ہے اور سیکور ومحفوظ علاقے میں رابطہ آفس قائم کررہی ہے جس کا اعلان بہت جلد کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر قائم مقدمات آخری مراحل میں ہیں اور وہ جلد عدالتوں سے با عزت بری ہونے والے ہیں اسلئے اس موقع پر انہیں کارکنان اور عوام کے اعتماد و ساتھ کی پہلے سے بھی زیادہ ضرورت ہے مگر سازشی عناصر یہ بات جان چکے ہیں کہ وہ مشرف کو عدلیہ سے غدار قرار دلانے یا ان کی حب الوطنی کو مشکوک بنانے میں ناکام ہونے والے ہیںا سلئے وہ ڈس انفارمیشن کے ذریعے مشرف کی عوامی مقبولیت اور آل پاکستان مسلم لیگ کی سیاسی قوت کو نقصان پہنچانے کیلئے اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل کے نئے رابطہ آفس کی جلد افتتاحی تقریب کے ذریعے اس تمام پراپیگنڈے کو باطل ثابت کردیا جائے گا۔