ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں کمی

Cold Weather

Cold Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں کمی ہوئی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں سردی پوری آب وتاب سے برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام پر مختلف بالائی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد خشک سردی ہے، جس سے موسمی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ سندھ اور پنجاب کے کئی علاقوں میں دن کے وقت توتیز دھوپ ہے۔

رات اور صبح میں چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں شہریوں کو سردی کا احسا س دلارہی ہیں۔اسکردو، استور، دیامر میں ٹھنڈی اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں، جن سے بچوں اور بڑوں میں سینے کے انفکشن،کھانسی، نزلہ زکام، بخاراور موسمی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں نوشہرہ، مردان، چارسدہ ، ایوبیہ اور نتھیاگلی میں موسم اب بھی سردہے۔ بلوچستان کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں بتدریج کمی آرہی ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت گلگت بلتستان کے ضلع استور میں منفی 3 جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔