ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے طالبان مخالف قوتوں کو اکٹھا کریں گے۔علامہ ناصر عباس

ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے طالبان مخالف قوتوں کو اکٹھا کریں گے، یہ وقت طالبان سے مذاکرات کا نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا ہے ،نواز شریف نے وطن عزیز کو طالبان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،ملک بھر میں شیعہ سنی عوام متحد ہوچکے ہیں اور انشاء اللہ وطن دوستوں سے محبت کرنے والی عوام کا سمندر طالبان دہشت گردوں کو بہا کر لے جائے گا، تھرپارکر میں بھوک سے معصوم بچوں کی اموات پر سندھ حکومت فوری مستعفی ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما مفتی سعید رضوی، علامہ مقصود علی ڈومکی، صاحبزادہ حسن رضا، اسد عباس نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے ڈیرہ اللہ یار میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے تحت ’’ لبیک یا رسول اللہ (ص) کانفرنس ‘‘ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے اجتماع کی۔ اجتماع کا پنڈال لبیک یا رسول اللہ (ص)، لبیک یا حسین (ع)، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے، امریکہ مردہ بار، اسرائیل نامنظور کے نعروں سے گونجتا رہا۔

اجتماع سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمارا وطن دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، ضیائی اسٹیبلشمنٹ نے جس ناسور کو پالا تھا آج وہ طالبان کی شکل میں ہمارے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہا ہے، وقت آگیا ہے کہ محب وطن قوتیں پاکستان کو بچانے کیلئے یکجا ہوں اور دہشت گردی کی لعنت سے ملک کو نجات دلانے کے لئے میدان میں اتریں، مجلس وحدت مسلمین ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے طالبان مخالف قوتوں کو اکٹھا کرے گی اور انشاء اللہ دشمن قوتوں کو یہ پیغام دے گی کہ ملک بھر میں شیعہ سنی عوام متحد ہوچکے ہیں اور انشاء اللہ وطن دوستوں سے محبت کرنے والی عوام کا سمندر طالبان دہشت گردوں کو بہا کر لے جائے گا۔

انہوں نے تھرپارکر میں بھوک سے معصوم بچوں کی اموات پر سندھ حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر اپنی جماعت کی بقاء چاہتی ہے اور فوری طور پر سندھ کے وزارت اعلیٰ کا منصب کسی قابل اور لائق فرد کے حوالے کیا جائے، تھرپارکر میں بھوک سے نڈھال بچوں کی اموات پر قائم علی شاہ از خود اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے استعفیٰ پیش کریں۔

اجتماع سے خطاب میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما مفتی سعید رضوی کا کہنا تھا کہ ، یہ وقت طالبان سے مذاکرات کا نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا ہے ، پاکستان کی عوام نے دیکھ لیا کہ حکومت نے مذاکرات کی پیشکش تو کی لیکن طالبان دہشت گردوں نے وطن عزیز کی افوان اور عوام کو اپنی بربریت کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند نہیں کیا، ایسے لوگوں سے مذاکرات سے ریاست کمزور ہوگی، اگر ہمیں ریاست کو مضبوط اور طاقتور کرنا ہے تو طالبان دہشت گردوں کو ملک سے صفایا کرنا ہوگا۔ اجتماع سے خطاب میں دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وطن عزیز کو طالبان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، مذاکرات کے نام پر ملک کو طالبان کے حوالے کیا جارہا ہے، اگر حکومت نے 60ہزار شہداء کی قربانیوں کو فراموش کیا تو مظلوم عوام کا سمندر نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ کردے گا۔