ملک وقوم کے تمام مسائل اور دہشتگردی کی وجہ کرپشن ہے محمد رئیس

کراچی : کرپشن پاکستان کا وہ بنیادی مسئلہ ہے جس کی وجہ سے پاکستان تمام ترقدرتی وسائل کا حامل ہونے کے باوجود ترقی نہیں کرپایا ہے ۔ عوام مہنگائی و بیروزگاری کیساتھ توانائی کے بحران اور زندگی کی سہولیات کی عدم دستیابی کا شکار ہیں جس سے پیدا ہونے والا احساس محرومی دہشتگردی و بد امنی کا باعث بن رہا ہے۔

اسلئے اللہ کی رضا اور عوامی اعتماد سے کامیاب ہوکر اپنی ذات کو کرپشن سے محفوظ رکھنے کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کی جدوجہد میں ہر مخلص پاکستانی کا ساتھ دوں گااور اپنے حلقے میں موجود ہر فرد کے مسائل کے حل کیلئے پوری دیانتداری و فرض شناسی سے جدوجہد کرکے عوامی توقعات پرپورا اتروں گا۔

لانڈھی حلقہ پی ایس 128 سے سندھ اسمبلی کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمدرئیس نے عوامی اجتماعات سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد اقتدار کاحصول نہیں بلکہ اپنے علاقے اور یہاں کے عوام کے مسائل کا حل اور ان کی ترقی و خوشحالی ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے حادثے میں زخمی ہونے پر اظہار افسوس اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکرتے ہوئے کہا کہ سیاسی نظریات و اختلافات اپنی جگہ لیکن وطن عزیزکے استحکام اور عوام کی فلاح و ترقی کیلئے حب الوطنی و و یکجہتی کے ساتھ قومی وحدت کا فروغ واستحکام بھی ناگزیر ہے۔