موجودہ حکومت آزاد کشمیر کے غریب عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے کام کر رہی ہے ، محمد طاہر کھوکھر

میرپور : آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر و سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن اور وزیر ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آزاد کشمیر کے غریب عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے کام کر رہی ہے۔ حکومتی کارکردگی سے خائف ہو کر عوام دشمن سیاست دان بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں مگر آزاد کشمیر کے با شعور عوام اب کسی بھی مفاد پرست سیاست دان کی باتوں پر دھیان نہیں دینگے۔ آزاد کشمیر کے ٹرانسپورٹرز کا قبلہ درست کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ میرپور کے دوران کشمیر پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور آزاد کشمیر میں قانون کی حکمرانی قائم کر نے کے لئے اپنا فرض پو را کرنا رہوں گا۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے بعض لالچی ٹرانسپورٹروں نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی مظفر آباد کی طرف سے جاری کیے گئے کرایہ نامہ کے برعکس اپنی من مانی کرتے ہوئے غریب مسافروں کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا جس پر باہمی مشاورت کے بعد 10 اضلاع کیلئے کرایہ نامہ جاری کیا گیا جو زمینی حقائق کے عین مطابق تھا مگر مسلم لیگ ن کے چند راہنماؤں نے بس مالکان کی پشت پناہی کرنا شروع کر دی۔

جس پر ٹرانسپورٹوں نے غیر قانونی ہڑتال کرتے ہوئے مسافروں کے لئے مشکلات پیدا کر دیں۔ ہمارا یہ فیصلہ عوام کے مفاد میں ہے مگر حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں نے حکومت کو بلیک میل کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر رکھے ہیں مگر ہم عوامی مفاد میں کیے گئے فیصلوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے مزید کہا ہے کہ ایم کیو ایم قائد تحریک الطاف حسین بھی کی ہدایت کی روشنی میں عوامی خدمت کا سفر جاری و ساری رکھے گی اور حقیقی معنوں میں ملک کی 98 فیصد آبادی کے حقوق کے حصول کے لئے جدو جہد کی جائے گی اور عوام کو سرمایہ داروں کی لوٹ مار سے بچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔