DCOکی ہدایت پر شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر میں 9 مقامات پر آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں

گجرات(محمد بلال احمد بٹ ) ڈی سی او نوازش علی کی ہدایت پر شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر میں9 مقامات پر آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں عوام کو ایکس مل ریٹ پر 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا640 روپے میں دستیاب ہوگا۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید فرمان رضا نے بتایا کہ تحصیل گجرات میں کچہری چوک اور سستا ماڈل بازار میں آٹے کا سیل پوائنٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جلالپور جٹاں، لالہ موسیٰ، کھاریاں، کوٹلہ ارب علی خان۔ ڈنگہ میں بھی ایک ایک جبکہ سرائے عالمگیر میں دو سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔

ڈی ایف سی نے بتایا کہ ان سیل پوائنٹس پر 20 کلوگرام آٹے کا تھیلہ ایکس مل ریٹ پر 640 روپے میں دستیاب ہوگاجبکہ مارکیٹ میں 20 کلو گرام آٹے کے نرخ 670 روپے مقرر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کی فلور ملز کو سیل پوائنٹس پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند بنا دیا گیا ہے تا کہ خریداری کے لئے آنے والوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔دریں اثناء ڈی سی او نوازش علی نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹوں اور سیل پوائنٹس پر ضرورت کے مطابق آٹے کی سپلائی یقینی بنائی جائے اور گراں فروشی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔