قرضوں کے باوجود عوام پر کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی: وزیراعظم

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس اور لیوی نیچے لے آئے ہیں۔ کامیاب پاکستان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ پروگرام 74 سال پہلے شروع کرنا چاہیے تھا، مدینہ کی ریاست کا ماڈل دنیا کا کامیاب ترین ماڈل ہے، ریاست مدینہ کا ماڈل ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 سال پہلےکا چین دیکھ لیں اور آج چین آسمان پر پہنچ گیا ہے، چین نے اپنے نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کے لیے اقدامات کیے، ریاست مدینہ میں بھی پہلے فلاحی ریاست قائم ہوئی پھر خوشحالی آئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا سسٹم ہی اشرافیہ کے لیے بنا ہوا ہے، ماضی میں غلط معاشی پالیسیاں اختیار کی گئیں، یکساں نصاب تعلیم پر کبھی کسی نے کام نہیں کیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا ہم پیٹرول پر سیلز ٹیکس اور لیوی نیچے لے آئے ہیں، بھارت میں اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت پاکستان سے دگنی ہے۔

ان کا کہنا تھا حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ نچلے طبقے کو کوئی تکلیف نہ ہو، دنیا میں تیل کی قیمت پچھلے چند مہینوں میں 100 فیصد بڑھیں لیکن پاکستان میں 22 فیصد بڑھیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا جن ممالک سے تیل نکلتا ہے ان کے علاوہ پاکستان سب سےکم قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل فروخت کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا مین گندم کی قیمت 37 فیصد بڑھی لیکن پاکستان میں گندم کی قیمت 12 فیصد بڑھائی گئی، دنیا مین چینی کی قیمت 40 فیصد بڑھی لیکن پاکستان نے 21 فیصد بڑھائی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قرضوں کے باوجود کوشش کی ہے کہ لوگوں پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔