دپیکا رنویر کی شادی کی پہلی استقبالیہ تقریب

Deepika Padukone and Ranbir Singh

Deepika Padukone and Ranbir Singh

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ کی شادی رواں ماہ 14اور 15 تاریخ کو اٹلی میں ہوئی تھی جس کی پہلی استقبالیہ تقریب گزشتہ روز بنگلور میں شایان شان طریقے سے منعقد کی گئی۔

بنگلور کے لیلا پیلس میں منعقد کی گئی استقبالیہ تقریب میں دپیکا پڈوکون نے سنہری ساڑھی زیب تن کر رکھی تھی، جو کونکنی روایات کے تحت ان کی والدہ اجالا پڈوکون نے انہیں بطور تحفہ دی تھی۔

تقریب کے لیے دپیکا نے ڈیزائنر اور اسٹائلسٹ سبیاساچی کی خدمات لیں، جنہوں نے اداکارہ کو روایتی بھارتی انداز میں تیار کیا۔ جب کہ رنویر سنگھ ڈیزائنر روہت بل کی ڈیزائن کردہ سیاہ رنگ کی شیروانی میں دکھائی دیے۔

استقبالیہ تقریب میں دونوں نے خوب تصاویر بنوائیں جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہیں۔ ساتھ ہی تقریب کی کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔

استقبالیہ تقریب میں دپیکا اور رنویر کے دوست احباب سمیت سابق بھارتی کرکٹر انیل کُمبلے اور بھارتی بیڈ منٹن اسٹار سندھو نے بھی شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب میں سجائے گئے پھول دپیکا پڈکون کا انتخاب تھے، جنہیں رنویر سنگھ نے قابل ستائش قرار دیا۔

دپیکا اور رنویر کی شادی کی دوسری استقبالیہ تقریب یکم دسمبر کو ممبئی میں منعقد کی جائے گی، جس میں بالی وڈ کی نامور شخصیات کی شرکت یقینی ہے۔دپیکا اور رنویر گزشتہ ہفتے 14 نومبر کو اٹلی کے خوبصورت ترین مقام لیک کومو میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، جہاں صرف مخصوص مہمانوں کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر شادی کی تصاویر لیک نہ ہونے کا بھی خاص خیال رکھا گیا تھا، لیکن بعدازاں دپیکا اور رنویر نے خود تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بہت سراہا گیا۔