ملزم سکندر تنہا نہیں تھا، غیر ملکی روابط بھی تھے : چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم سکندر کا معاملہ اتنا سادہ نہیں بلکہ بہت پیچیدہ ہے اس کے کچھ ہینڈلرز بھی ہیں اور تانے بانے بیرون ملک جاتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ملزم سکندر کو بے ہوش کرنے کے لئے سٹن گن منگائی گئی تو پتہ چلا کہ کسی پولیس اہلکار کو یہ گن چلانا ہی نہیں آتی۔

قومی اسمبلی میں اسلام آباد واقعے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم تنہا نہیں اور نہ ہی یہ واقعہ انفرادی تھا۔ سکندر کے کچھ ہینڈلرز ہیں اور اس کے بین الاقوامی روابط بھی ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں بلکہ بہت پیچیدہ ہے۔ واقعات کے تانے بانے ابو ظہبی کی طرف جاتے ہیں۔

فون کالز سننے کے بعد کچھ لوگوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ ملزم سکندر کو بے ہوش کرنے کے لئے سٹن گن منگائی گئی تو پتہ چلا کہ کسی پولیس اہلکار کو یہ گن چلانا ہی نہیں آتی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ ریڈ زون سے تین کلومیٹر دور پیش آیا، بیوی بچوں کے قریب ہونے کی وجہ سے اس کے خلاف فوری کارروائی نہیں کی۔

چوہدری نثار علی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر سیاست کرنا گناہ عظیم ہے اگر کسی نے اس واقعے کو سیاسی ایشو بنانا ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی تلاشی ممکن نہیں ورنہ پورے شہر میں ٹریفک بلاک ہو جائے گی، پوری دنیا میں کہیں تلاشی کا ایسا نظام موجود نہیں۔