ڈینگی کے خاتمہ کیلئے دنیا میں ہونے والی جدید ایجادات سے استفادہ کیا جائے گا: سلمان رفیق

Dengue

Dengue

لاہور: مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے دنیا میں ہونے والی جدید ایجادات سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ ڈینگی کنٹرول کے لئے استعمال ہونے والے کیمیائی طریقوں کے ماحولیاتی نقصانات سے بچا جا سکے۔میڈیاورلڈ لائن کے مطا بق انہوں نے یہ بات آج سول سیکرٹریٹ میں ڈینگی پر بائیولوجیکل کنٹرول کے سلسلہ میں نئی تکنیک کے استعمال کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں برطانیہ کی کمپنی(OXITEC LTD)کے ماہرین کیون گورمین(KEVIN GORMAN) اور ہیڈن پیری (HADYN PARRY) کے علاوہ سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود،سمزSIMS) (کے پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،ڈین آئی پی ایچ پروفیسر معاذاحمد،چیف منسٹرڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم،ڈاکٹر جعفر الیاس،PITB کے افسران اور دیگر طبی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں کیمیائی طریقوں کے استعمال،سپرے اور فوگنگ کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے پیش نظر جنیاتی طریقہ سے تبدیل شدہ مچھروں(Genetically Engeneered Mosquitos) کو ڈینگی مچھر کے خاتمہ کے لئے استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانیہ سے آئے ماہرین نے بتایا کہ اس مخصوص مچھر کوڈینگی مچھر کے خاتمہ کے لئے برازیل اور دیگر کئی ممالک میں استعمال کیا گیا ہے۔اجلاس میں جنیاتی تبدیلی والے مچھر کو ڈینگی مچھر کے خاتمہ کے لئے استعمال کرنے بارے سفارشات تیار کرنے کے لئے ایک ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو مقامی موسم،درجہ حرارت کے مخصوص مچھر پر اثرات اور دیگر لیبارٹری تجربات کی روشنی میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔