سیکرٹری صحت پنجاب کا گورنمنٹ سید مٹھار ہسپتال کا دورہ، بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے

Polio

Polio

لاہور : سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا ہے کہ حکومت نئے مالی سال میں سرکاری ہسپتالوں میں مسنگ طبی آلات/ مشینری کی فراہمی، ڈاکٹروں اور نرسز کی خالی آسامیوں پر تعیناتی اور ہوسٹلز کی تعمیرومرمت کے خصوصی پروگرام پر عملدرآمد کرے گی۔میڈیا ورلڈ لائن کے مطابق انہوں نے یہ بات آج گورنمنٹ سید مٹھا ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کہی۔

سیکرٹری صحت نے اس موقع پر ہسپتال میں نئے نرسری وارڈ کا افتتاح کیا اور لاہور میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے بھی پلائے۔ سیکرٹری صحت نے ہسپتال کے تمام شعبوں کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر اعجاز منیر نے گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال میں صفائی کے اعلی معیار اور مریضوں کو فراہم کی جارہی سہولیات پر ایم ایس ڈاکٹر حق نواز بھروانہ اور تمام سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی۔

سیکرٹری صحت نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال10-12 سال پہلے ایک بے آباد اور ویران ہسپتال تھا لیکن وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ہیلتھ سیکٹر کی ترقی کے پروگرام کے تحت آج یہ ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بن چکا ہے جہاں روزانہ سینکڑوں مریض علاج معالجہ کے لئے آتے ہیں۔انہوں نے گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال کو ایک ماڈل ہسپتال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کو انٹر نیشنل سطح پر Recognize کرایا جائے گا۔سیکرٹری صحت نے لاہور میں 3 روزہ انسداد پولو مہم کے حوالے سے بتایا کہ لاہور کی 165 یونین کونسلوں میں 15 لاکھ 72 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے اور لاہور سے ملحقہ ضلع شیخوپورہ کی 22 یونین کونسلوں میں بھی انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر حق نواز بھروانہ نے سیکرٹری صحت کو گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال کی کارکردگی اور بعض مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکرٹری صحت نے ہسپتال کی کارکردگی اور ایم ایس کی انتظامی صلاحیتوں کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔