محکمہ تعمیرات عامہ بھمبر سرکاری خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگا

بھمبر (ڈسٹر کٹ رپو رٹر)محکمہ تعمیرات عامہ بھمبر سرکاری خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگا ٹھیکیداروں کو نوازنے اور اپنا حصہ بٹورنے میں محکمہ کے اہلکاران پیش پیش اعلیٰ سطح تک بڑی بڑی شخصیات گھناؤنے کاروبار میں ملوث غریبوں کے ادا کردہ ٹیکس سے بھرا جانے والا قومی خزانہ اللوں تللوں میں اڑایا جانے لگا تفصیلات کیمطابق محکمہ تعمیرات عامہ بھمبر عمارات شاہرات میں ایک عرصہ دراز سے محکمانہ ملی بھگت کے ذریعے منظور نظر ٹھیکیداران کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹھیکیدار ٹینڈرمیں کام حاصل کرنے کی خاطر انتہائی کم انراخ پر ٹینڈر بھرتے ہیں اور بعد ازاں ریوائز کروا کر بڑی بڑی قیمتیں بٹورتے ہیں جس کی واضح مثال حال ہی میں جاری بابا شادی شہید مزار کی تعمیر کا کام جس کا ٹھیکہ ابتداء میں31لاکھ میں ٹھیکیدار کو دیا گیا بعد ازاں محکمہ تعمیرات عامہ کی ملی بھگت سے اسے ریوائز کرکے 31لاکھ سے بڑھا کر 46لاکھ کر دی گئی اور اب مزید بڑھا کر 64لاکھ کرنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ یہی مزار 15سے 20لاکھ میں تیار ہو سکتا ہے اسی طرح پرانا ٹول سے بڑھنگ گاؤں تک سڑک کی تعمیر کا ٹھیکہ ابتداء میں ٹھیکیدار نے 88لاکھ کا ٹھیکہ کمپٹیشن کرکے 60لاکھ میں لیا تھا لیکن بعد ازاں محکمہ کی ملی بھگت سے اسے ریوائز کرکے 95لاکھ کا کر دیا گیا اسی طرح بڑھنگ تا کوٹ جیمل سڑک جوکہ ابتداء میں 21کروڑمیں ٹینڈر ہوا لیکن بعد ازاں ریوائز کر کے 38کروڑ کا ٹھیکہ کر دیا گیا اسی طرح کئی اور کام بھی ریوائز کرائے جانے کی فائلیں آخری مراحل میں ہیں۔

محکمہ تعمیرات عامہ بھمبر میں ایک عرصہ دراز سے یہ گھناؤنا کاروبار جاری ہے جس میں انتہائی اعلیٰ شخصیات بھی اپنا حصہ بٹور رہی ہیں اور اس طرح قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے خوب لوٹا جا رہا ہے عوام علاقہ نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور چیئرمین احتساب بیورو سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے دھندے میں ملوث محکمہ تعمیرات عامہ کے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں اور لوٹی جانے والی قومی دولت کو واپس اور محفوظ بنایا جائے۔