وزیرآباد کی خبریں 19/10/2014

Wazirabad

Wazirabad

سڑک کیساتھ سولنگ لگانے کا عمل ٹھیکیداروں نے زیر زمین ٹیلی فون کیبلیں اکھاڑ پھینکیں
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) سڑک کیساتھ سولنگ لگانے کا عمل ٹھیکیداروں نے زیر زمین ٹیلی فون کیبلیں اکھاڑ پھینکیں، مختلف علاقوں کے سینکڑوں پی ٹی سی ایل خاموش ہوگئے، صارفین کو شدید دشواریوں کا سامنا۔ جی ٹی روڈ پر سولنگ کے منصوبہ کے پیش نظر نظام آباد سے اوورہیڈ بریج چوک تک فٹ پاتھ کو اکھاڑ ا جارہا ہے۔ کرینوں کی مدد سے رستہ کی اکھاڑ پچھاڑ کرنے والے ٹھیکیدار کے عملہ نے مشینری کی مدد سے زیرزمین ٹیلی فون کیبلز کو اکھاڑ دیا ہے جس کی وجہ سے نظام آباد، شیرا کوٹ، نصیر کالونی، ویروکی اور دیگر مقامات پر نصب سینکڑوں ٹیلی فون خاموش ہوگئے ہیں ۔ ٹیلی فونز کی بندش کی وجہ سے صارفین کا دنیا سے رابطہ کٹ گیا ہے۔ انٹرنیٹ سروس بند ہوجانے کی وجہ سے طالبعلموں کو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے انہوں نے بتایا کہ مختلف یونیورسٹیز میں امتحانات شروع ہیں جن کی تیاری کیلئے انٹرنیٹ سے رہنمائی لی جاتی ہے ٹیلی فون بند ہونے کی وجہ سے ان کی تیاری میں خلل آرہا ہے پی ٹی سی ایل کی وائرلیس EVOسروس بھی کئی روز سے شہر میں صحیح طور پر کام نہیں کررہی جبکہ شہر ی ایریا کی براڈبینڈ سروس بھی دن بارہ بجے کے بعد معطل ہوگئی۔ متاثرہ صارفین،طالبعلموں نے محکمہ ٹیلی فون کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیلی فون کی فوری بحالی کرتے ہوئے ذمہ دار ٹھیکیدار کیخلاف کاروائی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اوورہیڈ بریج سیالکوٹ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، فوری مرمت کا مطالبہ۔١ٹھارہ سال قبل برھتی ہوئی ٹریفک کے پیش نظر

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)اوورہیڈ بریج سیالکوٹ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، فوری مرمت کا مطالبہ۔١ٹھارہ سال قبل برھتی ہوئی ٹریفک کے پیش نظر وزیرآباد شہر اور جی ٹی روڈ کے درمیان ریلوے لائنوں کی کراسنگ کیلئے بنائے گئے اوورہیڈ بریج پر ڈالا گیاکارپٹ جگہ جگہ سے ٹوٹ چکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ مختلف غیر منصوبہ جات پر سرمایہ ضائع کرنے والی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ مالکان کو گاڑیوں کی ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے مالی نقصان کا سامنا رہتا ہے۔ ٹرانسپورٹ مالکان، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورہیڈ بریج وزیرآباد پر نیا کارپٹ بچھوا کر شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مختلف علاقوں کی عوام کیساتھ سیاسی شخصیات کا امتیازی سلوک ، ٹوٹی پھوٹی گلیوں، ابلتی گندی نالیوں نے زندگی

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)مختلف علاقوں کی عوام کیساتھ سیاسی شخصیات کا امتیازی سلوک ، ٹوٹی پھوٹی گلیوں، ابلتی گندی نالیوں نے زندگی اجیرن کردی ۔دوسری طرف انتظامی افسران کی مہربانیاں ،پرایئویٹ ہائوسنگ کالونیوں میں سی سی بورڈ کے ذریعے قومی خزانہ سے لاکھوں روپے لگانے کا انکشاف ۔شہریوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیراعظم پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ وزیرآباد شہر،گردونواح اور تحصیل کے مختلف دیہاتوں میں گلیاں،نالیاں ٹوٹی پھوٹی ہوئی ہیںاور قیام پاکستان سے لیکر آج تک کسی نے لوگوں کے ان بنیادی مسائل کے حل کی جانب توجہ نہیں دی۔ انتخابی مہمات کے دوران سیاسی شخصیات آتی ہیں اور انہی گلیوں ،نالیوں کی تعمیر ومرمت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے وعدوں پر ووٹ بٹور کر انتخابات میں کامیابی کے بعدان علاقوں اور گلی ،محلوں کی جانب دیکھنا بھی گوارہ نہیں کرتیں جبکہ دوسری جانب منظور نظر افراد اور سیاسی پرستاروں پر خصوصی نظر کرم فرماتے ہوئے بار بار نوازا جاتا ہے اور سرکاری فنڈز میں گھپلے کرنے والوں کو پوچھنے والا کوئی نظر نہیں آتا۔دوسری جانب مقامی انتظامیہ بھی عام شہریوں کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دیتی اور بااثر افراد پر نوازشات کا عالم یہ ہے کہ پرایئویٹ ہائوسنگ سکیموں/ٹائونز میں سرکاری خزانہ/پی سی سی سکیموں سے پختہ روڈز تعمیر کروادی جاتی ہیں انہی میں شادمان ٹائون بھی شامل ہے جہاںمقامی انتظامیہ نے لاکھوں روپے سرکاری فنڈز سے لگا دیئے ہیں۔ امتیازی سلوک کا نشانہ بننے والے شہریوں کی کثیر تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے ،چیف جسٹس ہائی کورٹ پنجاب لاہور،وزیراعلیٰ پنجاب، وزیراعظم پاکستان سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سردیوں کے آغاز کیساتھ ہی اوورہیڈ بریج لنڈامارکیٹ میں تجاوزات بڑھنے لگیں
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)سردیوں کے آغاز کیساتھ ہی اوورہیڈ بریج لنڈامارکیٹ میں تجاوزات بڑھنے لگیں، پشتون مارکیٹ میں مشکوک افراد کی آمدورفت سے علاقہ میں خوف وہراس پایا جانے لگا۔ لنڈا مارکیٹ جسے محکمہ ریلوے نے نیلامی پر چندٹھیکیداروں کودے رکھا ہے اسی ٹھیکہ کا فائدہ اٹھا کر مقامی بااثر شخصیات کے تعاون سے مارکیٹ میںقبائلیوں کی بھرمار ہوچکی ہے جنہوںنے ریلوے عملہ کی مبینہ ملی بھگت کیساتھ تجاوزات کرتے ہوئے کئی پختہ تھڑوں والی دکانیں تعمیر کر لی ہیں ان دکانوں میں باڑا مارکیٹ سے آنے والا مبینہ سمگل شدہ مال فروخت ہونے کے علاوہ لنڈے کے اترن ، پرانی اشیاء جوتے وغیرہ مہنگے داموںفروخت کئے جاتے ہیں معقول آمدن والی ان دکانوں سے تجاوز کروانے والے ٹھیکیدار اور ریلوے کا عملہ مبینہ طور پر حصہ وصول کرتے ہیں اور بدلے میں انہیں ہر طرح کا تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔جگہ جگہ تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوتی ہے،قبائلی دکانداروں نے ریلوے لائنوں کے قریب کوڑا کرکٹ گندگی کے ڈھیر لگا رکھے ہیں۔ریلوے لائنوں تک تجاوزات بڑھ جانے کی وجہ سے لائنوں پر خرید وفروخت کے عمل کی وجہ سے جان لیوا حادثات کا ڈر رہتا ہے کئی بار ٹرین کی زد میں آکر انسانی جانیں ضائع بھی ہوچکی ہیں ۔ ان دکانوں میں غیر قانونی طور پر بجلی کی سپلائی بھی چالو ہے محکمہ سے لوڈ کی منظور ی کے بغیر ایک ہی میٹر سے کئی کنکشن دیئے گئے ہیں۔مارکیٹ میں موجود قبائلیوں کے پاس آنے جانے والے افراد کا کسی کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا۔ مارکیٹ میں مشکوک افراد کی آمدورفت کی وجہ سے علاقہ کی عوام میں سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے ۔ ہر سال اسی مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوتے ہیں جس سے قریبی دکانوں اور اوورہیڈ بریج کو بھی نقصان پہنچتاہے ۔ مقامی لوگ ایسے واقعات کو تخریبی کاروائیوں سے منسوب کرتے ہیں۔ امسال بھی سردیوں کے آغاز کیساتھ ہی لنڈا مارکیٹ میں تجاوزات کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے جو بڑھتے بڑھتے ریلوے لائنوں تک پہنچ گیا ہے۔عوامی، سماجی حلقوں،شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ، آرپی او گوجرانوالہ،محکمہ ریلوے کے اعلی افسران اور دیگر حکام بالا سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دریائے چناب کنارے بیٹھے درویش کو ملنے جانے والے عقیدتمندڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گئے

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) دریائے چناب کنارے بیٹھے درویش کو ملنے جانے والے عقیدتمندڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گئے، گن پوائنٹ پر نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم کردیا۔علی رضا ولد محمد صابر رحمانی ساکن محلہ سکندر پورہ نے تھانہ صدر وزیرآباد میں گزاری گئی درخواست میں بتایا کہ وہ گزشتہ روز صبح 8:15بجے ضلع لاہور کے رہائشی اپنے دوست محمد اسلم ولد محمد دین کے ہمراہ دریائے چناب کنارے بزرگ سائیں صابر کو ملنے جارہا تھا کہ گیمن پل کے قریب 70ccموٹر سائیکل پر سوار تین نامعلوم مسلح افراد نے انہیں روک لیا اوراسلحہ کے زور پر ان کے قبضہ سے 2عددقیمتی موبائل،کریڈٹ کارڈ،میٹرو کارڈ ، نقدی25ہزار روپے اور دیگر اشیاء چھین کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ متاثرہ شہریوں نے آر پی او گوجرانوالہ سے مقدمہ کے اندراج ،ملزمان کی گرفتاری اور چھینی گئی اشیاء کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مشینری مرمت کے نام پر بوگس بلوںکے ذریعے لاکھوں روپے ماہانہ کمانے کا انکشاف۔ٹی ایم او ا خزانہ سرکار
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)مشینری مرمت کے نام پر بوگس بلوںکے ذریعے لاکھوں روپے ماہانہ کمانے کا انکشاف۔ٹی ایم او ا خزانہ سرکار پر بڑا بوجھ بن گئی،ٹی ایم اے وزیرآباد میں ہونے والی دیگر محکمانہ بے قاعدگیوں کے علاوہ ٹی ایم او گلشن نورین کی مبینہ ملی بھگت سے مختلف اشیاء کی مرمت کے نام پر بوگس بلوں کا اجراء کروانا معمول بن چکا ہے۔عوامی، سماجی حلقوں نے ٹی ایم اے وزیرآباد میں ہونے والی کرپشن کے سدباب کا مطالبہ کیا ہے۔ٹی ایم اے وزیرآباد کی ذیلی یونٹوں میں ایک عرصہ سے عارضی چیف افسران کی تعیناتی کے سلسلہ نے شہر میں صحت وصفائی کے معاملات کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے وہاں محکمہ کی اندرونی کرپشن ٹی ایم اے کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہے۔ شہری مسائل میں اضافہ کے باوجود ٹی ایم او کی مبینہ ایماء پر مختلف اشیائ،ٹریکٹر،گاڑیوں، ریڑھیوں ، مشینری وغیرہ کی مرمت کے نام پر خزانہ سرکارسے بھاری رقوم نکلوا کر آپس میں بندر بانٹ کرلی جاتی ہے درست مشینری کو خراب ظاہر کر کے بل بنائے جاتے ہیں۔ اسی طرح دیگر معاملات بھی کرپشن کی نذر ہوچکے ہیں۔ ایک عرصہ سے جاری اس کرپشن کی وجہ سے ماتحت کرپٹ عملہ بھی کھلے عام شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف ہے ۔خاتون افسر کو منتھلیاں دینے کی خاطر ماتحت انسپکٹران اور کلرکوں نے الگ سے لوگوں کو تنگ کرنا شروع کررکھا ہے جو زیر تعمیر عمارتوں کے مالکان سے نقشوں کے نام پر اور بازار میں تجاوزات کے نام پر ریڑھی مالکان سے بھی لوٹ مار سے باز نہیں آتے۔ شہر میں گندگی اور تجاوزات کی بھرمار ہے اور خاتون ٹی ایم اوشہریوں کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ۔شہریوں نے الزام لگایا کہ خاتون افسر عوامی مسائل میں کمی لانے کی بجائے ماتحت کرپٹ عملہ سے حصہ وصول کرنے دفتر آتی ہے جو ذمہ دار پوسٹ پر کام کی اہل ہی نہیں۔ عوامی، سماجی حلقوں،سول سوسائٹی کے اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کیمیونٹی ڈویلپمنٹ سے ٹی ایم اے آفس میں ہونے والی کرپشن کی صورتحال کے نوٹس لینے اور علاقہ میں بہتری کیلئے ٹی ایم او کے فوری تبادلہ کا مطالبہ کیا ہے۔