الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت استور میں گھروں میں آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان کی تقسیم

Alkhidmat Foundation

Alkhidmat Foundation

اسلام آباد : الخدمت فاوَنڈیشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کے ضلع استور میں گھروں کو آگ لگنے کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے25 متاثرہ خاندانوں میں گرم کپڑے،لحاف اور اشیائے خورونوش پر مشتمل راشن پیک تقسیم کئے گئے ۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و رورل ڈویلپمنٹ فرمان رانا اور صدر الخدمت فاونڈیشن ضلع استور کفایت الدین نے اسطور کے متاثرہ علاقے چھوگام اور ٹٹوال کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

الخدمت فاوَنڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاوَنڈیشن مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کے لئے پیش پیش ہوتی ہے ۔ استور میں سردی بڑھ رہی ہے، امدادی سامان خاص طور پر گرم بستروں سے متاثرین کو کسی حد تک ریلیف ملے گا۔

متاثرین کی داد رسی کرنا اور ان کے مسائل کا تدارک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اورالخدمت اس حوالے سے ہر ممکن مدد جاری رکھے گی ۔ صوبائی وزیر فرمان رانا نے اس حوالے سے کہا کہ جب بھی کوئی قدرتی آفت آتی ہے الخدمت فاونڈیشن کی ٹیم امداد کے ساتھ پہنچ جاتی ہے، جس پر ذمہ داران خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ اس موقع پر متاثرین نے الخدمت فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا ۔