اضلاع کی خبریں 20.02.2013

محمد نواز شریف کا ہزارہ کمیونٹی کے سردار سعادت ہزارہ کو ٹیلی فون
اسلام آباد (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے آج ہزارہ کمیونٹی کے سردار سعادت ہزارہ کو ٹیلی فون کیا اور سانحہ کوئٹہ پر ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ محمد نواز شریف نے سردار سعادت ہزارہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل اس سانحہ پر بہت افسردہ اور دکھی ہے۔ انہوں نے سردار سعادت ہزارہ سے کہا کہ وہ ان کے جذبات اور تعزیت تمام سوگوار لواحقین تک پہنچا دیں۔ محمد نواز شریف نے سردار سعادت ہزارہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سانحہ کے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور قانون سازی کے ذریعے ملزموں کو دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے سزائیں دلوائی جائیں۔ نواز شریف نے سانحہ کوئٹہ میں پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ذمہ داران کے خلاف غفلت برتنے اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہنے پر فوری ایکشن کا بھی مطالبہ کیا ۔ نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ہزارہ کمیونٹی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دھرنوں میںبلاتفریق مذہب و مسلک شرکت سے ثابت ہوگیا عوام دہشت گردی کیخلاف متحد ہیں، علامہ سید ساجد نقوی
اسلام آباد(جی پی آئی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ سانحہ کوئٹہ ملکی تاریخ کا بدترین دہشت گردی کا واقعہ ہے،ملک بھر میں دھرنے و احتجاجی مظاہرے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عوام کا متفقہ فیصلہ تھا جس نے ثابت کیا کہ عوام دہشت گردی کے خلاف ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے کوئٹہ ہزارہ ٹائون میں سوگواروں و کارکنوں کے تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ کوئٹہ میں ہونے والا سانحہ ملکی تاریخ میں عوام کا بدترین قتل عام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شیعہ علما کونسل پاکستان کے کارکنوں اور عوام نے ملک بھر میں حالیہ سانحہ کے خلاف باامر مجبوری ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جس سے ملکی آمد ورفت سمیت کاروبار زندگی مفلوج ہوکررہ گیاجبکہ ان سے پورے ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں، بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز ، سول سوسائٹی سمیت مختلف طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اظہار یکجہتی کیااور بھرپور اتحاد و وحدت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ دھرنے اور احتجاجی مظاہرے دہشت گردی کے خلاف عوام کا متفقہ فیصلہ تھا اورعوام نے بلاتفریق مذہب و مسلک شرکت کرکے پیغام دیدیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ہیں اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے آزاد میڈیا، بلوچستان کے ان تمام قبائل،مذہبی و سیاسی جماعتو ںبھی شکریہ ادا کیا جنہوںنے اس سانحہ میں بھرپور تعاون کیا۔ بعدازاں علامہ سید ساجد علی نقوی نے سوگواروں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہم اس مشن کو پورا کرینگے ۔ واضح رہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی 16فروری سے کوئٹہ ہزارہ ٹائون میں ہی موجود ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کروڑوں دکھی محروم اور مجبور لوگوں کا ملک ہے:سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ پاکستان کروڑوں دکھی محروم اور مجبور لوگوں کا ملک ہے جن کو امریکی پالیسیوں کی بدولت قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر ان سے خود مختاری اور آزادی چھین لی گئی ہے ۔ حکمران امریکی خواہشات پر عوام کو زندگی کی تمام سہولتوں سے محروم کر چکے ہیں ۔ ملک بھر میں بسنے والے 6 کروڑ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم ، صحت اور روزگار سے محروم رکھا گیااور اقتدار میں آنے والے سرمایہ داروں ، وڈیروں اور جاگیرداروں نے قومی دولت لوٹ کر اپنے لیے محل تعمیر کیے ہیں۔ ملک میں کسی کی جان ، مال اور عزت محفوظ نہیں ۔ ہم کوئٹہ کے شہدا کے ورثا کے مطالبے کا احترام کرتے ہیں لیکن ہمیں جاننا چاہیے کہ ملٹری آپریشن وہ کمبل ہے جو ایک بار اوڑھ لیں تو 11سال جان نہیں چھوڑتا ۔ فوجی آپریشن سے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر ہو جاتے ہیں ۔ بلوچستان میں پانچواں ملٹری آپریشن جاری ہے جس کے منفی نتائج نکلے ہیں، بالآخر مسائل مذاکرات کی میز پر ہی حل ہواکرتے ہیں ۔ بلوچستان کے وزیروں نے عوام کو تحفظ دینے میں کوئی دلچسپی نہیں لی ان کی ساری دلچسپیاں اپنے دروازوں کے سامنے لمبی لمبی گاڑیاں کھڑی کرنے اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے تک محدودر ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن لاہور زون کے زیراہتمام ایوان اقبال میں منعقدہ ” انقلاب مزدور کانفرنس ” سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی ، قائد پریم یونین حافظ سلمان بٹ ، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد ، محمد امین منہاس ، رانا محمود علی خان اور ملک منیر نے بھی خطاب کیا۔سیدمنورحسن نے کہاکہ ملک میں بسنے والے 6 کروڑ مزدوروں اور محنت کشوں کی محرومیوں کے ذمہ دار وہ کرپٹ حکمران ہیں جنہوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ، مزدوروں اور محنت کشوں پر تعلیم ، صحت اور روزگار کے دروازے بند کردیئے ۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کے لاکھوں مزدو ر عوام تک یہ پیغام پہنچائیں کہ ان کی محرومیوں کے ذمہ دار چار چار بار ملک پر حکمران رہنے والے ایک بار پھر ان کی آنکھوں میں دھول جھونک کر اقتدار کی سیڑھی پر چڑھنے کے لیے ان کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ زرداری ایک بار پھر روٹی کپڑے اور مکان کے نعرے پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں ۔ اب عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ انہوں نے اژدھوں کو سر پر بٹھانا ہے یا ان کے سر کچلنا ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 65 سال سے ملک پر مسلط رہنے والے حکمرانوں کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ انہیں عوام کی محرومیوں سے کوئی غرض ہے نہ ان کے مستقبل سے کوئی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ ان کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ اپنے کارخانوں ، کاروبار اور محلات کی تعداد میں اضافہ کیسے کرنا ہے وہ امریکہ سے اس کی شرائط پر قرضے لے کر ہڑپ کر جاتے ہیں اور قوم ان قرضوں کے بوجھ تلے دب کر اپنی آزادی اور خود مختاری سے محروم ہو چکی ہے ۔ امریکہ نے آئی ایم ایف کے ذریعے ہمیں خود انحصاری کی منزل سے دور کر دیاہے ۔ آج قوم کا بچہ بچہ 80 ہزار سے زائد کا مقروض ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ملک میں بسنے والے 6 کروڑ مزدوروں میں سے 88فیصد سے زائد کے لیے سرے سے کوئی قانون موجود نہیں ۔ ان کو سوشل سیکورٹی ، بڑھاپا ، پنشن ، علاج ، تعلیم اور روزگار کی کوئی سہولت نہیں دی گئی جبکہ 12 فیصد صنعتی مزدور جن کے لیے قوانین تو موجود ہیں لیکن ٹھیکیداری نظام کے ذریعے ان کا بری طرح استحصال کیا جاتاہے اور انہیں ان قوانین سے ملنے والی سہولتوں سے محروم کردیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2013 میں ایک بار پھر موقع مل رہاہے کہ وہ 65 سال سے جاری اپنے استحصال کے ذمہ داروں سے تمام حسابات چکا دیں اور ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو دیانتدار اور مزدور دوست ہو ۔ انقلاب مزدور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سلمان بٹ نے کہاکہ ملک کے وسائل امیروں اور حکمرانوں کے در کے غلام اور تمام محرومیاں اور مایوسیاں غریب مزدور کے دروازے پر دستک دے رہی ہیں ۔ حکمران مزدور کو کھاتا پیتا دیکھنا نہیں چاہتے ۔ مزدوروں کے خون سے چلنے والے کارخانوں اور فیکٹریوں کا سارا سرمایہ سرمایہ داروں کی جیبوں میں چلاجاتاہے اور مزدروں کے بچے بھوک سے نڈھال سسک سسک کر دم توڑ جاتے ہیں ۔ انہو ںنے کہاکہ عوام اندھے وزیروں اور بہرے مشیروں سے امیدیں وابستہ کرنے کی بجائے خالق کائنات سے رجوع کریں تاکہ ان کی محرومیوں کا خاتمہ ہو سکے جس کے لیے ضروری ہے کہ آئندہ انتخابات میں دیانتدار اور ان کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھنے والے لوگوں کا انتخاب کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیاقت بلوچ سے ینگ ڈاکٹرز کے وفد کی منصورہ میں ملاقات
لاہور (جی پی آئی)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے ایک وفد نے صدر ڈاکٹر ابو بکر گوندل کی قیادت میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے منصورہ میں ملاقات کی ۔ سید وقاص جعفری ، ڈاکٹر رضا عارف ، ڈاکٹر آصف سردار ، ڈاکٹر مبشر حسن ، ڈاکٹر رانا خرم شہزاد بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ینگ ڈاکٹرز کے صدر ڈاکٹر ابو بکر گوندل نے لیاقت بلوچ کا شکریہ ادا کیا کہ جماعت اسلامی نے عوام الناس کے مفاد میں ہماری تحریک کا ہر سطح پر بھر پور ساتھ دیا اور ہماری رہنمائی کی ۔ پوری ڈاکٹر برادری قابل ستائش کردار ادا کرنے پر جماعت اسلامی کی قیادت کی ممنون ہے ۔ لیاقت بلوچ نے ڈاکٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم ینگ ڈاکٹرز کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ آپ کی مسلسل محنت رنگ لائی ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ جماعت اسلامی ڈاکٹرز کی طرف سے عوام کے طبقات کو صحت عامہ کی بہتر سہولتیں بہم پہچانے کے حوالے سے ہر مثبت اقدام کا خیر مقدم کرے گی ۔ انہو ں نے ڈاکٹرز سے کہاکہ وہ عوام میں اپنا اعتماد بحال کریں اور خدمت خلق کے جذبے کو فروغ دیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قیصر شریف جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مقرر
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور سیکرٹری اطلاعات محمد انور نیازی سے مشاورت کے بعد سابق طالبعلم رہنما اور مرکز ی ترجمان متحدہ طلبہ محاذ قیصر شریف کو ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان مقرر کیا ہے جنہوں نے آج سے اپنے فرائض انجام دینے شروع کر دیے ہیں ۔ یاد رہے کہ قبل ازیں قیصر شریف شباب ملی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم صوبہ پنجاب ، ناظم جامعہ پنجاب اور طلبا اساتذہ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ترجمان کی ذمہ داریوں پر فائز رہے ہیں ۔ قیصر شریف نے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹر ایم بی اے کر رکھاہے ۔ وہ ایم فل کے سکالر ہیں اور مستقبل میں پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہمارا جمہوری پاکستان اور نو جوانوں کا کردار کے موضوع پر آج صوبائی یوتھ کنونشن علی انسٹیٹیو ٹ فیروزپورروڈ پر منعقد کیا گیا
لاہور(جی پی آئی) سائوتھ ایشیا پارٹنرشپ ۔پاکستان کے کمیونٹی کی مشترکہ جدو جہد کے فروغ کے پروگرام کے تحت ہمارا جمہوری پاکستان اور نو جوانوں کا کردار کے موضوع پر آج صوبائی( پنجاب) یوتھ کنونشن علی انسٹیٹیو ٹ فیروزپورروڈ پر منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر مقررین نے جمہوری عمل اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی آئیندہ قیادت نوجونوں کو سنبھالنی ہے اس لئے انہیں اپنے کردار و عمل میں جمہوری اقدار اور جمہوری رویوں کو راسخ کرنے کی بے حد ضرورت ہے ۔ مقررین نے اس بات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا کہ اس وقت پاکستان قتل و غارت گری اور دشت گردی کا گڑھ بن چکا ہے جو کہ ہم سب کے لئے بہت بڑا لمحہ فکریہ ۔ ایسے حالات میںجبکہ بے گنا ہ اور معصوم شہری مارے جا رہے ہیں تو باشعور شہریوں کو اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے خصوصا جوانوں کو حکومت سے مطالبہ کرنا چاہئے کہ شہریوں کی جا نوں کا تحفظ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم یہ ہے کہ خاموش ا کثریت کو جگایا جائے تاکہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائی جا سکے ۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر جیل خانہ جات میاں اقبال چنڑ نے اپنی تقریر میں نوجوانوں کے لئے تعمیر و ترقی کے حکومتی سطح پر کئے گئے پروگراموں کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ نوجوان حکومتی ترجیحات میں سب سے اوپر ہیں ۔حکومت پنجاب نے نوجوا نوں کو تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ۔ جن میں صوبائی یوتھ پالیسی اہمیت کی حامل ہے ۔حکومت دانش سکولوں کے علاوہ صادق پبلک سکول بہاولپور کی طرز پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں صادق سکول کھو لنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ عام اور غریب طبقہ کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے مواقع مہیا کئے جا سکیں ۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں اور ہماری ساری امیدیں ان سے وابستہ ہیں اس لئے انہیں ان تما م وسائل سے استفادہ کرنا چاہئے جو حکومت انہیں فراہم کررہی ہے اور تعلیمی میدان میں بہتر نتائج سامنے لائیں۔ صوبائی سیکریٹر ی یوتھ، سپورٹس اور آثار قدیمہ ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کہا کہ صوبائی یو تھ پالیسی پر عمل درآمد ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ عام طور پر پالیسیاں تشکیل پاکر سرد خانوں کی نذر ہو جاتی ہیں لیکن اس پالیسی پر اس کے بننے کے چھ ماہ بعد ہی سے عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی یوتھ پالیسی بنانے سے پہلے نوجوانوں کے لئے کام کرنے و الی تنظیمو ںسے مشاورت کی گئی تھی تاکہ انکی تجاویز اس میں شامل کی جا سکیں ۔ ڈاکٹر ثاقب نے کہا کہ اس وقت شہری اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو بہت سے معاشی، نفسیاتی اور جذباتی مسائل درپیش ہیں اوراسی کے پیش نظر حکومت ایک نئی قانون سازی کر رہی ہے کہ نوجونوں کے لئے بجٹ میں دو فیصد حصہ مختص کیا جائے، اس کے علاوہ لوکل کونسلز میں نوجونوں کے لئے پانچ فیصد نمائندگی کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا ایک بہت اہم حق ووٹ کا حق ہے لیکن ہم اپنا یہ حق عام طور پر استمعال نہیں کرتے اس لئے ووٹوں کا ٹرن آئوٹ صرف پنتالیس فیصد سے کبھی اوپر نہیں گیا اس لئے نوجوان اپنے اس شہری حق کو بھی استمعال کرتے ہوئے ایسے عوامی نمائیندوں کو اسمبلیوں لائیں جو عوام کے لئے کام کریں ۔ سیکریٹری یوتھ نے بتایا کہ حکومت نے نوجوانوں کی نفسیاتی ،جذباتی اور تعلیمی راہنمائی کے لئے پلان انٹر نیشنل کے زیر اہتمام قذافی سٹیڈیم میں ایک ہیلپ لائین قایم کر دی ہے ۔ سائوتھ ایشیا پارٹنر شپ ۔پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد تحسین نے کہا کہ اہم یہ کنونشن ایسے حالات میں منعقد کر رہے ہیں کہ جب ہم سب کوئٹہ میں ہزراہ کیمیونیٹی کے ایک انتہائی المناک سانحہ کے دکھ سے گزر رہے ہیں ۔ جمہوری پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے سماج کو جمہوریت کی طرف لے جا نے کے لئے اس سے بڑا فارمولا اور کوئی نہیں کہ ہم اپنے نو جوانوں کے لئے ایسے مواقع مہیا کریں کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی زندگیوں کے فیصلے کرنے کے قابل بن سکیں اور اپنے مستقبل کی راہیں متعین کر سکیں ، ہم سب کو مل کر جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کا راستہ روکنا ہے اور ہم جمہور دشمن قوتوں سے ٹکرا جانے کا حوصلہ اپنے اندر پیدا کریں اور اس ضمن میں ہم نو جوان طبقہ کی راہنمائی کریں ۔ سیپ ۔پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان مفتی نے عورتوں کے لئے ہونے والی قانون سازی کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ اس وقت عورتوں کے لئے مختلف نوعیت کے پندرہ قوانین بن چکے ہیں لیکن ان قوانین میں سقم ہیں اور اس کے علاوہ ان پر عمل درآمد کا کوئی بھی نظام تشکیل نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے اس مسئلے کو اٹھایا کہ ہمارے سماج میں لڑکیوں کو اپنی پسند کی شادی کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کو رسموں، رواجوں اور روایات کے نام پر قربان کر دیا جاتا ہے اس لئے عورتوں کو موثر و قوانین کے زریعے تحفظ کی فراہمی ضروری ہے ۔ اس وقت ہم اپنے رویوں اور سوچوں کے غلام ہیں اس لئے عورتوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھتے ہیں ۔ حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابند بنائے کہ وہ عورتوں کے حقوق کے لئے مناسب انتظامات کو یقینی بنائے ۔ پروگرام مینیجر ذکیہ ارشد نے جینڈر جسٹس پروگرام کے اغراض و مقاصد کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ لیہ اور بہاولپور کے دییہ علاقوں میں اس پروگرام کے تحت لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے اور وہ عورتوں کو ھق وراثت بھی دے رہے ہیں اور لڑکیوں کی خلاف مرضی شادیوں سے گریز بھی کرنے لگے ہیں ۔ تقریب سے لیہ اور بہاولپور کی یونیورسٹیوں کے طلبا ، منصور بلوچ،حرا، عثمان ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ ان علاقوں سے آنے والی خواتین بشری سیف،نصرت، اسما حبیب نے بتایا کہ سیپ ۔پاکستان کے جینڈر جسٹس پروگرام کے تحت ضلع لیہ اور بہاولپور کے دیہی علاقوں میں حق وراثت، رضامندی کی شادیوںجیسے ایشوز اٹھائے جانے کے بعد عورتوں نے اپنے یہ حقوق حاصل کئے ہیں ۔ ان عورتوں نے اپنی کامیابیوں کی کہانیاں اپنی زبانی سنائیں ۔ تقریب کے آکر میں سماجی ایشوز پر تھٹر پرفارمینس کی گئے ، گیت ، نظمیں اور خاکے بھی پیش کئے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے طلبا و طالبات کیلئے میڈیکل کے شعبے میں 10 اضافی سیٹیں آئندہ تین سال کے لئے بحال کرنے کا اعلان
لاہور(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے طلبا و طالبات کیلئے میڈیکل کے شعبے میں 10 اضافی سیٹیں آئندہ تین سال کے لئے بحال کرنے کا اعلان خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بہترین انداز میں کام کررہی ہے ،پاکستان کو اس وقت کئی مسائل کا سامنا ہے ، پوری قوم اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کر کے ملک کو تباہ کرنے کی تمام سازشیں ناکام بنا دے،یوسی45میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہاہل پاکستان اپنی صفوں میں ملک دشمن عناصر کو نہ گھسنے دیں،پاکستان میں بدامنی سے معاشی طور پر سخت نقصان پہنچا ہے ،ملک میں امن کے قیام میں تمام شہری اپنا کردار ادا کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انویسٹی گیشن ٹیم ڈاکٹر علی حیدر اور ان کے بیٹے کے قتل کیس کی ہر پہلو سے تفتیش کرے ،وزیراعلی
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی سپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹرعلی حیدر اوران کے بیٹے کے قتل کا افسوسناک واقعہ پولیس کے لئے ٹیسٹ کیس ہے ۔اس واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ملزموں کو فوری گرفتار کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوںنے کیس کی تفتیش کے لئے قائم کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو تیزرفتاری کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم قتل کیس کی ہر پہلو سے تفتیش کرے اور مقدمے میں ہونے والی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوجان ومال کا تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔پولیس اپنے فرائض جانفشانی اور محنت سے سرانجام دے۔دریں اثنا وزیراعلی نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر کی جیلوں میں موبائل فون کے استعمال کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے،اس ضمن میں کوتاہی یا غفلت برتنے پرذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کرپشن ،بے روزگاری اور بدامنی سے نجات کے لئے زربابا چالیس چوروں کا راستہ روکنا ہوگا، شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان سے کرپشن،بے روزگاری اور بد امنی سے نجات کے لئے زر باباچالیس چوروںکا راستہ روکنا ہوگا۔عوام نے اگر آئندہ عام انتخابات میںمحمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا تو دوسال کے اندر ملک سے لوڈشیڈنگ سمیت تمام اندھیروں کا خاتمہ کردیں گے۔ ڈکٹیٹر مشرف اورزربابا کے حواریوں نے لوڈشیڈنگ سے ملک کو اندھیروں میں ڈبودیاہے،صنعتوں چمنیوںسے دھواں نکلنا بند ہوگیاہے،زراعت،ہسپتال اور سکولوں کو روشنیوں سے محروم کردیاگیاہے۔ اگر بدترین لوٹ مار نہ ہوتی تو آج ملک میں اندھیرے نہ ہوتے ۔ آیندہ عام انتخابات میں اگر پاکستان کو روشن کرنا ہے توزربابا چالیس چوروں کا دیاگل کرنا ہوگا۔جنہوں نے حاجیوں کی جیبیں کاٹیں۔رینٹل پاورمنصوبوں میں اربوں روپے کھائے اور سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود80۔ارب روپے کا ڈاکہ ڈالنے والے توقیر صادق کونیا پاسپورٹ دے کر ابوظہبی فرار کرادیااگر ان لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ہے تو عوام کو آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینا ہوگا۔وہ سپورٹس سٹیڈیم ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔وزیر اعلی پنجاب نے اپنے دور حکومت کے فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کے عوام کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔پنجاب حکومت ساڑھے آٹھ ارب روپے کے لاگت سے 2لاکھ10ہزارلیپ ٹاپ اور اجالا پروگرام کے تحت2لاکھ10ہزار سولر یونٹس قابل اورمحنتی طالب علموں میں خالصتا میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کررہی ہے۔ اڑھائی ارب روپے سے50ہزار پوسٹ گریجوایٹس کو انٹرن شپ پروگرام کے تحت 10ہزار روپے ماہانہ وظائف دے رہے ہیں جبکہ گزشتہ تین برس میں4۔ارب روپے سے بے روزگارنوجوانوں میں آسان شرائط پر50ہزار روپے تک کے قرضے فراہم کئے ہیں۔گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت اربوں روپے کی سبسڈی دے کر 30ہزار ٹریکٹر کاشتکاروں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔پنجاب میں تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں جرمنی سے مشینیں منگوا کر فری ڈائیلائسز کی سہولت کا دوبارہ اجرا کیا ہے جبکہ2۔ارب روپے سے ہسپتالوں کے جنرل وارڈز میں ایئر کنڈیشنرلگوائے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں31دسمبر 2011 تک بننے والی دیہاتوں اور شہروں کی تمام کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دئیے جا رہے ہیں جن میں بیوہ خواتین سے172روپے فی مرلہ سرکاری فیس بھی نہیں لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات غریب کسانوں،مزدوروں اور عام آدمی تک پہنچائے گئے ہیں کیونکہ یہ ان کا بھی پاکستان ہے اور پاکستان کے وسائل پر صرف امیروں،جاگیرداروں اور بڑے لوگوں کا حق ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ،کراچی،خیبر پختونخواہ اور ملک کے دیگر حصوں میں قتل وغارت پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں ہیں۔ہم نے پاکستان کے دولخت ہونے کے واقعہ سے سبق نہیں سیکھا اور اگر ایک دوسرے کے گلے کاٹتے گئے تو خدانخواستہ پاکستان نہیں بچے گا۔یہ ملک کسی ایک فرقہ نے نہیں بلکہ ایک خدا،ایک رسول اور ایک کتاب کے ماننے والوں نے بنایا ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے اغیار کی سازشوں کو ناکام بنا کر امن قائم کرنا ہوگا۔وزیر اعلی نے کہا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے جو وعدے کئے تھے ،ان کی تکمیل کا عملی ثبوت ان کے سامنے ہے اور ضلع کی ترقی کے لئے مزید ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔ ایم این اے جنید انوارچوہدری نے وزیر اعلی پنجاب کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں تعمیروترقی کے حوالے سے پنجاب کو بدل دیا ہے اور اب ہم پاکستان کو بدلیں گے۔ لیپ ٹاپ،سولر لیمپس کی تقسیم اور میٹرو بس جیسے منصوبے عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیںجبکہ دوسرے صوبوں کے عوام اور تجزیہ نگاروں کی رائے ہے کہ دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلی کو بھی وزیر اعلی پنجاب سے ترقی کا سبق سیکھنا چاہیئے۔انہوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی پروزیر اعلی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔ سینیٹر ایم حمزہ،ایم این اے جنید انور چوہدری،ارکان صوبائی اسمبلی میاں محمد رفیق،کرنل(ر)ایوب خاں گادھی،مخدوم علی رضا،نازیہ راحیل،رائو کاشف رحیم،ضلعی صدر مسلم (ن)چوہدری امجد علی جاوید،جنرل سیکرٹری میاں انوار الحق اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دیگر عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طاہر القادری کی جمہوریت کے خلاف سازشیں ناکام ہو گئیں:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ طاہر القادری کی جمہوریت کے خلاف سازشیں ناکام ہو گئیں اب وہ واپس بیرون ملک جا رہے ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے، عام انتخابات میں شکست کے خوف سے وہ پاکستان چھوڑ رہے ہیں، طاہر القادری کی سیاست کا پس منظر معمولی سمجھ بوجھ کا انسان بھی سمجھتا ہے وہ جو ایجنڈا لے کر آئے تھے وہ ناکام ہو گیا ہے، عام انتخابات التوا میں ڈالنے والوں کا مستقبل التو ا میں چلا گیاہے، عوام نے ایک بار پھر جمہوریت پسندی کا ثبوت دیا ہے اور جمہوریت کے خلاف سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی پنجاب کی جانب سے پشاور چڑیا گھر کے لئے پرندوں کے تحفے
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے حیات آباد (پشاور) میں بنائے جانے والے چڑیاگھر کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے قیمتی جانور اور پرندے بطور تحفہ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلی نے سیکرٹری فاریسٹ پنجاب کو حیات آباد چڑیا گھر کیلئے جانور اور پرندے بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کو حیات آباد چڑیا گھر کیلئے جانور اور پرندے بطور تحفہ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی