اضلاع کی خبریں 6.10.2013

عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ کرکے عوام پر نیا منی بجٹ نافذ کر دیا ہے
لاہور (جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ کرکے عوام پر نیا منی بجٹ نافذ کر دیا ہے جو حکمرانوں کی بدنیتی کا ثبوت ہے، عوام کو سنہری خواب دکھا کر اقتدار حاصل کرنے والے وعدوں سے انحراف کر رہے ہیں اور آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل کرتے ہوئے عوام کو مزید بحرانوں میں دھکیلا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام دشمنی کے نئے ریکارڈ بنالئے ہیں عوام کا استحصال کر کے خزانہ بھرا جا رہا ہے، کشکول توڑنے کے دعویداروں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے انہوںنے کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف کو گروی دے کر اربوں ڈالر کے قرضے لئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں جاری رہیں تو پیپلز پارٹی عوام طاقت کے ساتھ بھرپور احتجاج کرے گی، پانچ سال تک میثاق جمہوریت کا شور مچانے والے اسی میثاق جمہوریت کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔ حنا پرویز بٹ
لاہور ( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنماء و ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ نواز شریف ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو پاکستان کو موجودہ سنگین بحرانوں سے نکال کر دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں’ تمام تر مشکلات کے باوجود مسلم لیگ ن کی حکومت کراچی سمیت ملک بھر میں امن کا قیام اور حکومتی رٹ کو یقیی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہمسلم لیگ ن کی حکومت صنعتی شعبہ کی بحالی اور ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے بزنس فرینڈلی پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ حکومتی اقدامات پر تنقید کرنے والے اگرا پنے دورا قتدارمیں عوام سے ہمدردی کا ثبوت دیتے تو صورت حال یکسر مختلف ہوتی اور آج ملک میں سستی بجلی پیدا ہو رہی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ جات کی تکمیل سے عوام کو سستی بجلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا اور انڈسٹری ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی صوبہ کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے
لاہور ( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور مسلم لیگ ن کی حکومت میاں نواز شریف کی قیادت میں قوم کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی پر اتفاق رائے پیدا کر رہی ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیحات میں معیشت، توانائی اور ڈھانچے کی بہتری کے ساتھ ساتھ بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری لانا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایشیئن ٹائیگر بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دے گی
لاہور ( جی پی آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کی سابق رکن پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دے گی، پیپلز پارٹی کے حوصلے بلند ہیں اور ہم بطور اپوزیشن اسمبلی کے اندر اور باہر عوام کے حقوق کیلئے بھرپور آواز بلند کریں گے’ پنجاب میں عوامی امنگوں کے برعکس فیصلوں کی ڈٹ کر مخالفت کی جائیگی اور کسی کو بھی صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف اقدامات کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے عوام ہی پیپلز پارٹی کو زندہ رکھیں گے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مبینہ عائد کردہ سیلز ٹیکس کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینیٹر مشاہد حسین کی زیرقیادت 15 رکنی پارلیمانی وفد کی آذربائیجان کے صدارتی انتخابات کا جائزہ لینے بروز سوموار کو روانگی
اسلام آباد (جی پی آئی) سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیرقیادت حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی 6 اہم ترین سیاسی جماعتوں کے 15 سرکردہ نمائندوں پر مشتمل پارلیمانی وفد آزربائیجان کے صدارتی انتخابات کا جائزہ لینے بروز سوموار پانچ روزہ دورے پرروانہ ہورہا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ پاکستان کے برادر ملک آزربائیجان سے قریبی دوستانہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف ا زربائیجان کی دعوت پر کیے جانے والا یہ دورہ پاکستان کی مسلم دنیا میں اہمیت اور جمہوری اقدار کی پاسداری کو اجاگر کرتا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے بتایا کہ پارلیمانی وفد کو ہفتے کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ فارن افئیرز کمیٹی کے تحت فارن سیکرٹری اور انکی ٹیم نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات پر بریفنگ بھی دی ہے جبکہ انہوں نے اور سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر نے مشترکہ طور پرایک قرارداد پیش کی ہے جس میں آزر بائیجان کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت پر مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ پاکستانی عوام اور پارلیمان کی جانب سے آزر بائیجان اور آرمینا کے مابین ناگورنو کاراباخ تنازعے پرآزربائیجان کے اصولی موقف کی تائیدبھی کی گئی ہے۔ اس سے قبل سینیٹر مشاہد حسین سید نے بطور سیکرٹری جنرل سینٹرسٹ ایشیا پیسیفک ڈیموکریٹز انٹرنیشنل (CAPDI) کمبوڈیا اور میکسیکو کے انتخابات کا بھی جائزہ لیا تھا۔ کیپڈی دنیاکے 26 ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاسی راہنماؤں اور سول سوسائٹی کی نمائندہ تنظیم ہے۔ آزربائیجان الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی انتخابات کی مانیٹریگ کیلئے 100 بین الاقوامی مبصرین کو مدعو کیا گیا ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی سب سے زیادہ ہونے کی بناء پر پاکستانی وفد کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید کی قیادت میں سب سے پہلا پارلیمانی وفد2006 میں آزر بائیجان گیا تھا، اسکے بعد سے دونوں ممالک کے مابین وفود کا تبادلہ جاری ہے۔ پارلیمانی وفد میں ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سینیٹر صابر علی بلوچ، مسز طاہرہ اورنگزیب، سینیٹر حاجی عدیل، سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر، سینیٹر طاہر حسین مشہدی، سینیٹر حاجی غلام علی اورسینیٹر صغریٰ امام شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کیلئے سعودی عرب کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی
اسلام آباد (جی پی آئی ) چیرمین امن کمیٹی معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کیلئے سعودی عرب کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ بلا تفریق رنگ و نسل ،ذات پات کے مستحقین اور متاثرین کی مدد کرنا یقینا عظیم کام ہے۔ سعودی عرب کے رحمدل حکمرانوں اور عوام کی فراخدلی کا کھلے دل سے اعتراف کرکے ارض حرمین کے باسیوں کیلئے پورا پاکستان دعا گو ہے۔ اظہار بخاری نے کہا سعودی سفیر الشیخ عبدالعزیز الغدیرنے عید الضحی سے قبل مالی امداد سے متاثرین سیلاب کی خوشیاں دوبالا کر دی۔ سعودی سفیر آزمائش کی کسی بھی گھڑی میںتعاون کا کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دیتے۔ سعودی حکو مت کا متا ثرین سیلاب و زلزلہ زدگان کی دل کھول کر مدد کرنے کا احسان بھول نہیں سکتے۔ سعودی اور امریکی امداد میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ سعودی امداد سے مکان بنتے ہیں، امریکی امداد سے مسلمان مرتے ہیں۔ مصیبت کے وقت بھائی کے کام آنا بہت بڑی عبادت اور اصل نیکی ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سعودی عرب کا بے مثال کردار ہے، حرمین شریفین کے حکمران ہوں یا عوام، سعودی امدادی ادارے ہویا سماجی شخصیات پاکستان کی عوام کو ہر مشکل موقع پر ہر ممکن مدد کرکے حقیقی بھائی ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے۔ بلاشبہ ان خدمات سے سعودی عرب نے پاکستان کی عوام کے دلوں میں انتہائی قربت حاصل کی ہے اور اسی وجہ سے وہ ان کے جذبہ خدمت کے نہ صرف معترف ہیں بلکہ انکی انسانیت کے لیے کی گئی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا مستقلا جاری پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کی ہر ممکن مدد کرتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب آپس میں مظبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اس لیے سعودی ادارے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ حرمین شریفین کا تقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ مکہ و مدینہ رُشد وھدایت کا خزینہ ہیں، جہاں امن و امان، اتحاد و یگانگت کے چراغ روشن ہوتے ہیں۔ پاک سعودی کی روحانی و مذہبی رشتے قیامت تک قائم دائم رہیں گے۔ دنیا کفر پاک سعودیہ کی ترقی و امن پسندی سے حسد کرتے ہیں۔ اظہار بخاری نے اپنے عقیدت مندوں اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ عید الضحی سے قبل متاثرین کی مالی مدد اور عطیات کے ذریعے اپنے دکھی اور مصیبت زدہ بھائیوں کا درد بانٹنے کیلیے میدان عمل میں آجائیں۔