اضلاع کی خبریں 18.02.2013

صوبائی رابطہ کی وزارت نے چاروں صوبوں کو ایک مراسلے کے ذرئیے ایف ایس سی ہومیوپیتھی گروپ کو نیشنل سکیم آف سڈی میں شامل کرنے کی سفارش

اسلام آباد( جی پی آئی) صوبائی رابطہ کی وزارت نے چاروں صوبوں کو ایک مراسلے کے ذرئیے ایف ایس سی ہومیوپیتھی گروپ کو نیشنل سکیم آف سڈی میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے تا کہ ڈی ایچ ایم ایس کے لئے لازمی مضامین کے امتحانات کے انعقاد کے لئے چاروں صوبو ں کے ماتحت بورڈز میں انتظامات کئے جاسکیں۔ گجرات ہومیوکمیونٹی کے اعلانئے کے مطابق ایف اے کے سپلیمنٹری امتحانات کے ساتھ امتحانات میں شرکت کی اجازت متوقع ہے۔اس سلسلے میں نیشنل کونسل فار ہومیوپیتھی نے وزارت کو ایک خط بھی ارسال کیا ہے کہ جو ہومیوڈاکٹرز پہلے سے ایف اے ہیں انہیں کم از کم بغیر امتحان کے اسی سال ایکولینسی جاری کر دی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہاہے کہ حکومت نے امن کے قیام ،شہریوں کوقتل عام سے نجات دلایا
اسلام آباد (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہاہے کہ حکومت نے امن کے قیام ،شہریوں کوقتل عام سے نجات دلانے اورامن عامہ کویقینی بنانے کی خاطر اپنی ہی حکومت کے خلاف بلوچستا ن میں گورنرراج کانفاذکیالیکن معاملات پہلے سے زیادہ گھمبیرہوتے چلے گئے ۔انہو ںنے کہاکہ لگتاہے کہ حکومت نے شایدیہ سب دبائو میں آکر سانحہ علمدارمیں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو وقتی طورپرمطمعن کرنے کے لئے کیا۔اپنے ایک بیان میں مشاہداللہ خان نے کہاکہ چاہیے تویہ تھاکہ حکومت گورنرراج سے پہلے مجرموں کی سرکوبی اورآئندہ کے لئے ایسے وقت سے بچنے کی مربوط حکمت عملی طے کرتی لیکن حکومت نے ایساکچھ بھی نہ کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت گورنرراج کے بعد اسمبلی کی بحالی کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیاست بازی میںمصروف ہوگئی اوراصل مسائل کے حل کیلئے ایک اجلاس تک کرنے کی زحمت نہیں کی ۔مشاہداللہ خا ن نے کہاکہ آج حکومت کے غیرسنجیدہ عمل اوراسکی بے عملی کے نتیجے ہے کہ حالات مزید ابترہوچکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف جسٹس سانحہ کوئٹہ کاازخود نوٹس اور عدالتی کمیشن بناتے ہوئے تحقیقات کروائیں۔سُنی تحریک
اسلام آباد( جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے ڈویژنل صدر مفتی لیاقت علی رضوی نے کہا ہے کہ دہشتگردانسانیت کے بدترین دشمن ہیں، انہیں سرعام تختہ دارپرچڑھایاجائے۔ جس نے ایک انسان کو قتل کیا اس نے ساری انسانیت کو قتل کیا ،حکمران ملک میں امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔بلوچستان کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔چیف جسٹس سانحہ کوئٹہ کاازخود نوٹس اور عدالتی کمیشن بناتے ہوئے تحقیقات کروائیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے راولپنڈی ڈویژن اوراسلام آبادکے تمام ضلعی اورتحصیل صدورکے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملک میں انتخابات ناگریز ہوچکے ہیں۔بلوچستان کا مسئلہ انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کرچکا ہے۔گورنر بلوچستان کا اعترافی بیان حکومت کی کارکردگی کے منہ پر طمانچہ ہے۔ بلوچستان میں جاری موت کے رقص کوروکنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ غلطی سے کنٹرول لائن پار کر نیوالے فوجی اخلاق احمد کو شہید کرنا بھارت کی غنڈہ گردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے منہ توڑ جواب دیا جائے اگر بھارت کے خونی ہاتھ کو نہ مروڑا گیا تو خون کی ہولی کے رنگ مزید بڑھتے جائیں گے اور اس بدمعاش کا حوصلہ بھی بڑھتا رہے گا ۔ اس موقع پرضلع راولپنڈی کے صدرعلامہ طاہراقبال چشتی، ضلع اٹک کے صدرعلامہ ارشدالقادری، ضلع چکوال کے صدرمحمدارسلان قادری، ضلع جہلم کے صدرمحمدرضاقادری سمیت تمام تحصیلوں کے صدوربھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ادارہ صراط مستقیم پاکستان
اسلام آباد(جی پی آئی)ادارہ صراط مستقیم کے رہنماعلامہ اشفاق احمدصابری نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچستان میں فرقہ واریت کی وباپھیلاکربلوچستان کے حالات خراب کیے جارہے ہیں اور اس میں بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے فضل ٹائون میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ملکی حالات دن بدن گھمبیر ہورہے ہیں اگر حکمرانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ملک کی بقاء خطرے میں پڑسکتی ہے۔حکمران جماعت اوراس کے اتحادی محض چند ڈالروں کے عوض پاکستان کی عزت،وقار اور سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔جب تک امریکہ اس خطے میں موجود رہے گا امن قائم نہیں ہوسکتا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نام نہاد امریکی جنگ سے فی الفور باہر نکلا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی و عسکری قیادت کوملکی خارجہ پالیسی کا از سرنو جائزہ لیناہوگا۔98فیصد عوام اس خطے سے امریکی مداخلت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔امریکہ دوست کے روپ میں دشمن ہے جس نے ہمیشہ اپنے مفادات کو عزیز رکھا ہے۔نیٹو سپلائی لائن کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ اہل تشیع کے خلاف پاکستان دشمن حملے کررہے ہیں
اسلام آباد (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ اہل تشیع کے خلاف پاکستان دشمن حملے کررہے ہیں ،یہ عناصرنہیں چاہتے کہ ملک میں انتخابات ہوں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صفیں اچھی شہرت کے امیدوارو ںکے لئے کھولی ہیں لیکن سکہ بندلوٹوں کی پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی مزاحمت کرینگے ۔احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے جونام کمایاہے وہ ہرحال میں وفاداری تبدیل کرنے والوں کی بھینٹ نہیں چڑھنے میں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حسین میموریل ہومیوکالج لاھور کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں ڈی ایچ ایم ایس پاس طلباء کو اعزازات سے نوازنے کی ایک تقریب منعقد ہ ہوئی
اسلام آباد (جی پی آئی) حسین میموریل ہومیوکالج لاھور کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں ڈی ایچ ایم ایس پاس طلباء کو اعزازات سے نوازنے کی ایک تقریب منعقد ہ ہوئی صدرات کونسل کے ممبر ڈاکٹر ایم بی جاوید اعوان نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر صدر کونسل ڈاکٹر محمود عباسی شریک ہوئے ۔ کونسل کے دیگر ممبران ڈاکٹر جمیل اختر غوری، ڈاکٹر فیصل سلیم ، ڈاکٹر تصدق،ڈاکٹر محبوب،ڈاکٹر عرفان ولی، ڈاکٹر رائو مرتضی ، ڈاکٹر نعیم حفیظ اور ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے طلباء کو اعزازات سے نوازہ۔کالج کی پرنسپل لیڈی ڈاکٹر ثناہ کھیرا نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت اس قبل نہیں کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرسکے ، عوام خود ہی حالات کا مقابلہ کرے جب تک دوسری حکومت نہیں آتی۔ میر مکرم زہری
اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے بلوچستان کے صوبائی صدر میر مکرم زہری نے کوئٹہ سانحہ میں 80افراد کی ہلاکت اور 100سے زیادہ افرادکی زخمیوںکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے لیکن وہاں بلوچستان اور خصوصا کوئٹہ کی امن و امان کی ابتر صورت حال دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوئٹہ کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے اور ہزارہ کمیونٹی کا جس طرح قتل عام ہو رہا ہے اس کے پیچھے ایک مخصوص طبقے کا ہاتھ ہے اوریہ سب جانتے ہیں کہ یہ کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بلوچستان کی حالات پرآنکھیں بند کی ہوئی ہیں اور اس کا نتیجہ نہ صر ف بلوچستان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے خطرناک ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان کی یہ صورت حال رہی تو اللہ نہ کرے وہ دن دور نہیں کہ ہمیں مشرقی جیسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے حالات پر ہر طرح سے ناکام ہو چکی ہیں اور میں بلوچستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ آئندہ انتخابات میں وہ ایسی قیادت کا انتخابات کرے جو بلوچستان کے مسائل کا حل نکال سکے اور صحیح طریقے سے بلوچستان کے عوام کی نمائندگی کرے۔انہوں نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ امن وامان اس حکومت کے بس کا کام نہیں اور وہ خود اکٹھے ہوکر ایسے حالات کا مقابلہ کرے جب تک دوسری حکومت اس قبل نہیں ہو جاتی کہ وہ امن وامان اور دیگر مسائل کے خاتمہ کر سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
)پا کستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کو ئٹہ میں 80 سے زائد بے گناہ انسانوں کا قتل اتنا بڑا المیہ ہے
لاہور(جی پی آئی)پا کستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کو ئٹہ میں 80 سے زائد بے گناہ انسانوں کا قتل اتنا بڑا المیہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔دہشت گردی کی اس واردات نے پوری قوم کو رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں نواز شریف نے کہا کہ اس ظا لمانہ واردات سے ایک بار پھر ثا بت ہو گیا ہے کہ بلو چستان میں حکو مت نام کی کسی شے کا کو ئی وجو د نہیں اور وفا قی حکو مت بھی اپنی ذمہ داریاں پو ری کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکو مت کے نز دیک انسا نی جانوں کی کو ئی قیمت ہی نہیں اور نہ ہی اس نے گذ شتہ پانچ سالوں کے دوران امن و امان کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ سپریم کو رٹ کی وا ضح ہدا یات کے با وجود قتل و غا رت گری کو روکنے اور با ر بار بھیا نک وارداتیں کرنے والے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا نے کی کو ئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی ۔نوازشریف نے کہا کہ ہزارہ برادری مسلسل دہشت گردی کی کا روائیوں کا نشا نہ بنی ہو ئی ہے اور ریاست ان کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔آج پو ری قوم دکھی ہے اور ہم سب کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ ہماری خفیہ ایجنسیوں کی بھی نا کا می ہے کہ وہ آئے دن ایسی وارداتیں کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ نہیں لگا پا رہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور ملک کے دوسرے حصوں میں دہشت گردی کی ان کا روائیوں کو نہ رو کا گیا تو یہاں خدا انخواستہ کچھ بھی باقی نہیںبچے گا۔ہزا رہ برادری کے مقتولین کے لئے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے نواز شریف نے ان کے لوا حقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیااور کہا ہے کہ رنج کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی ان کے ساتھ ہے۔نواز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور مسلم لیگ(ن) کی طرف سے ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلا یا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مجرموںکی فوری گرفتا ری کو اپنی ترجیح بنائے اور مسلسل دہشت گردی کا نشا نہ بننے والے قبیلے کے تحفظ کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو مہذب قوموں میں زندہ رہنا ہے تو آگ اور خون کا یہ کھیل کھیلنے والوں کا کڑامحا سبہ کرنا ہوگاچاہے وہ کو ئی بھی کیوں نہ ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ رانا تنویر ناصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پانچ سالوں میں ملک میں کرپشن کی انتہا کر دی
لاہور(جی پی آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ رانا تنویر ناصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پانچ سالوں میں ملک میں کرپشن کی انتہا کر دی، اس دھرتی کو پانچ سال میں بے دردی سے ایسے لوٹا گیا کہ اندھیرے لوگوں کا مقدر بنے، کارخانوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو گیا،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے عوام سے ان کی خدمت کرنے کا وعدہ کرکے ووٹ لئے تھے وہی آج ان کے بنیاد ی حقوق سلب کررہے ہیں ،یہ لوگ عوام کے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں، عوام کے لئے روح اور بدن کارشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے،عوام پیپلزپارٹی سے نجات کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت پنجاب نے سرکاری ہومیو ڈاکٹرز کی تنظیموں کے اس مطالبے کو رد کردیا ہے
لاہور(جی پی آئی) حکومت پنجاب نے سرکاری ہومیو ڈاکٹرز کی تنظیموں کے اس مطالبے کو رد کردیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ہومیوڈاکٹرز کو منظور شدہ سروس سٹرکچر کی روشنی میں تعلیم ، تجربہ اور سروسس رولز کے بغیر ہی ترقی دے جائے۔اس سلسلے میں حکومت نے گریجوایٹ ہومیو ایسوسی ایشن کے اس مطالبہ کو تسلیم کیا ہے کہ تمام خالی آسامیوں کو تعلیم اور تجربہ کی روشنی میں صرف میرٹ پر بھرتی کیا جائے اور پہلے سے بھرتی ہومیوڈاکٹرز کو انکی سنیارٹی لسٹ کے مطابق ترقی دی جائے۔حکومت عنقریب EDO ہیلتھ کے ذریئے سرکاری ہومیوڈاکٹرز سے انکی تعلیم، تجربہ، تعیناتی کی تاریخ اور پیچھلی تین ACRs کا ریکارڈ طلب کرے گی۔گجرات ہومیوکمیونٹی کے مطابق سرکاری ہومیوڈاکٹرز کو اس میں رخنا نہیں ڈالنا چاہئے ورنہ کئیر ٹیکر گورنمنٹ کے آنے کے بعد اس پر بالکل عمل درآمد نہیں ہوسکے گا جس کے پاس ان رولز کے بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ پیچھلی کئیر ٹیکر گورنمنٹ نے ہومیوڈاکٹرز کو ڈائننگ کیڈر قرار دے دیا تھا اس لئے فوری طور پر اسے منظور ہونے دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان سنی تحریک پنجاب کا تین روزہ اہم اجلاس یکم مارچ سے ملتان میں ہوگا
لاہور(جی پی آئی)پاکستان سنی تحریک پنجاب کا تین روزہ اہم اجلاس یکم مارچ سے ملتان میں ہوگا۔اجلاس تین حصوں میں ملتان،لاہور راولپنڈی میں ہوگا۔آئندہ انتخابات میں آمریت نما ء جمہوریت اور ملک دشمن عناصر کا راستہ روکیں گے۔عوامی رائے کو نظر انداز کر نے والوں کا مکمل محاسبہ کریں گے۔شخصیات کی بجائے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہا ر پا کستان سنی تحریک کے صوبائی صدرمحمد شا داب رضا نقشبندی نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ مسلم لیگ ”ن”سمیت تمام سیاسی جماعتوں رابطے اور مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔مسلم لیگ”ن”سے آئند ہ انتخابات میں سیاسی اتحاد سیٹ ایڈجسٹمینٹ سمیت تمام پہلوں پر مشاورت جاری ہے۔پاکستان سنی تحریک کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گیںہیں۔محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی کا ڈرامہ محض خود کو انتخابات میں واپسی کے لئے کیا ہے۔کراچی میں کسی نے اگرانتخابات میں بندوق کے زور پر انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کو شش کی تو عوام بھر پور مذاہمت کریں گے۔انتخابات کا بروقت اور شفاف ہونا اس وقت ملک و قوم کی تر قی اور خوشحالی کے ضمانت ثابت ہو سکتے ہیں۔کراچی ,کوئٹہ ایک مخصوص مکتبہ فکر کا قتل عام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومتوں پر سوالیہ نشان ہے۔حکومت کی رٹ ملک کے کسی بھی حصہ میں نظر نہیں آرہی۔حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی سے عوام کو مایوسی ،دہشت گردی ،بے روزگاری،عدم تحفظ اور دنیا میں تنہائی کے سوا کچھ بھی نہیںملا۔یاد رہے کے یکم مار چ ہونے والے اجلاس میں پنجاب بھر کی تنظیم سازی ،اور عام انتخابات کے لئے حکمت عملی بنائی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد ا لغفو ر خاں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے نئے صوبہ کا شوشہ لسانی اعتبار سے پنجاب میں کشیدگی پیدا کرنے کیلئے چھوڑا ہے
لاہور(جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد ا لغفو ر خاں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے نئے صوبہ کا شوشہ لسانی اعتبار سے پنجاب میں کشیدگی پیدا کرنے کیلئے چھوڑا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نیا صوبہ بنانے کے مخالف نہیں ہیں لیکن اس حساس ایشو کے اثرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے باقاعدہ آئینی اور قانونی لحاظ سے انتظامی طور پر تقسیم کرنے کے خواہاں ہیں، پیپلز پارٹی جس طرح نیا صوبہ
بنانا چاہتی ہے اس سے بڑے مسائل پیدا ہوں گے،عوام پیپلز پارٹی سے بیزار ہو چکے ہیں اور وہ عام انتخابات میں ووٹ کے ذریعے پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
) گذشتہ روز ٹاون شپ یوتھ ہاکی ویلفیئر سوسائٹی (رجسٹرڈ )کے زیر اہتمام آئیڈیل پارک کھوکھر چوک کالج روڈ پرنواز شر یف ہاکی سٹیڈیم کی افتتاحی تقر یب کاانعقاد ہوا
لاہور(جی پی آئی) گذشتہ روز ٹاون شپ یوتھ ہاکی ویلفیئر سوسائٹی (رجسٹرڈ )کے زیر اہتمام آئیڈیل پارک کھوکھر چوک کالج روڈ پرنواز شر یف ہاکی سٹیڈیم کی افتتاحی تقر یب کاانعقاد ہوا جس میں بطور مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ ( ن)کے سینئر رہنما صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن اورٹرانسپورٹ سید زعیم حُسین قادری نے شر کت کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر دور میں مسائل کو حل کیا ہے اور نو جوانوں کی سر گرمیوں کے لئے اقدامات کئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی کھیل ہاکی کے لئے جو کچھ بھی ممکن ہو ا کیا جائے گا اس مو قع پر سابق ہاکی کھیلاڑیوں سمیت سابق ہاکی فیڈیشن کے عہدیدران نے بھی شر کت کی ٹاون شپ یوتھ ہاکی ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری محمدحُسین شیخ نے مہمان خصوصی سید زعیم قادری کاشکر یہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ( ن) کا قومی کھیل ہاکی کے لئے اسٹیڈیم کا قیام قابل تعر یف ہے اور جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ ہاکی کو یونین کونسل کی سطح پر پذیرائی ملنی چاہیے جو کہ بہت جلد ممکن ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ ہاکی کو فروغ دینے کے لئے فنڈز کی بھی ضرورت ہے جس کو ممکن بنانے کے لئے ہر سطح تک کوشش کر ینگے تقر یب میں آئے کھیلاڑیوں اور دیگر مہمانوں نے نواز شر یف ہاکی اسٹینڈیم بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور ٹائون شپ انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کو حکومتی ذمہ داران اور حکام نے بہت ستایا اور پریشان کیا ہے
لاہور (جی پی آئی)لاہور ٹائون شپ انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کو حکومتی ذمہ داران اور حکام نے بہت ستایا اور پریشان کیا ہے احتجاجوں اور مظاہروں کے باوجود صنعتوں کو پوری بجلی دی گئی اور نہ ہی گیس ـ پنجاب کی سب سے پرانی اور منظم انڈسٹریل اسٹیٹ کو ویران و تباہ حال بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی گئی ـ پانچ سال کے دوران صنعتکاروں نے ہر فورم پر حکومت کو توجہ دلائی ـ احتجاج کئے لیکن حکومتی ذمہ داران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ـ مسائل حل کرنا دور کی بات ہے کسی ذمہ دار یا اعلی افسر نے انڈسٹریل ایریا میں آنا تک گوارا نہیں کیا ـ جب بھی بلایا گیا مختلف حیلے بہانوں سے وقت گزار دیا گیا ـ انڈسٹریل ایریا میں سکڑتا ہوا پیداواری حجم حکومت کی عدم توجہی کا منہ بولتا ثبوت ہے ـ الیکشن سر پر ہیں صنعتکار آئیندہ کا لائحہ عمل بنانے پر مجبور ہو ر چکے ہیں ـ ان خیالات کا اظہار ٹائون شپ انڈسٹریل ایریا کے صنعتکاروں نے آج یہاں ایک اکٹھ میں کیا ـ اس موقع پر لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نصراللہ مغل ـ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں ابوذر شاد ـ چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار ـ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ملک طاہر جاوید ـ ظفر اقبال چوہدری ـ امجد علی جاوا ـ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین افتخار بشیر ـ شیخ محمد ایوب ـ منیر احمد چاولہ ـ میاں خرم الیاس انیس قادری کے علاوہ صنعتکاروں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ـ اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے میاں انجم نثار نے کہا کہ ٹائون شپ انڈسٹریل اسٹیٹ آٹھ مربع میل پر محیط ہے ـ اس میں چار سو صنعتی یونٹ کام کر رہے تھے جن میں ٹیکسٹائل ـ ٹیکسٹائل پراسسنگ ـ پرنٹنگ اینڈ ڈائینگ ـ پلاسٹک ـ آٹو پارٹس ـ انجنئرنگ ـ فوڈ پراسسنگ فارماسیوٹیکل آرٹیفیشل لیدر ـ سٹیل اور پیکجنگ کے یونٹ کام کر رہے تھے ـ کسی وقت چالیس ہزار افراد کو روزگار کے مواقع حاصل تھے ـ حکومت کو بجلی اور گیس کھپت کے بلوں سمیت مختلف مدات میں اربوں روپے کا ریونیو ملتا تھا تاہم میاں انجم نثار نے بتایا کہ حکومت کی نا سازگار پالیسیوں کے علاوہ
بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی یونٹ بند یا بیرون ملک منتقل ہو چکے ہیں ـ میاں انجم نثار نے کہا کہ پنجاب کی صنعت کے ساتھ گیس کی سپلائی کے لیے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ـ انہوں نے کہا کہ صورت حال یہ ہو چکی ہے کہ پنجاب کی صنعت کی پیداواری لاگت ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہے انہی حالات کی وجہ سے لاہور چیمبر کے سابق صدر نے کہا کہ حکومت کے ریونیو ٹارگٹ پورے نہیں ہو رہے ـ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانچ سال گزار لیے لیکن بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے کسی پراجیکٹ پر کام شروع نہیں کرایا ـ میاں انجم نثار نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کم وقت میں سستی بجلی بنانے کے لیے سود مند ترین منصوبہ ہے ـ ایوانہائے صنعت و تجارت اور دیگر ماہرین نے بار بار حکومت پر زور دیا کہ کا لا باغ ڈیم پر کام شروع کرایا جائے ـ حکومت نے کرپشن آلودہ رینٹل پاور اسٹیشن منگوائے جو ناکارہ و کھٹارہ ثابت ہوئے توانائی کا بحران شدید تر ہو چکا ہے ـ سردیوں میںلوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ـ ہر شخص خوف میں مبتلا ہے کہ گرمیوں میں صنعت کا چلنا اور عام ادمی کا جینا کیسے ممکن ہو گا ایران کے ساتھ گیس کی فراہمی کا پراجیکٹ بعض مصلحتوں کی وجہ سے التوا میں رکھا گیا اور اب بھی تاحال کاغذی کاروائی سے آگے نہیں بڑھ سکا اس لیے لاہور چیمبر کے سابق صدر نے سیاست دانوں پر زو ر دیا ہے کہ وہ آئیندہ الیکشن کے سلسلے میں ملک سے توانائی کا بحران ختم کرنے کے لیے پروگرام عوام اور کاروباری طبقہ کو دیں کیونکہ وعدوں کے زخم خوردہ عوام اور کاروباری طبقہ ایک بار پھر خالی وعدوں کے سراب پر دھوکہ برداشت نہیں کر سکیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اقبال منزل میں فائرنگ کے واقعہ اور قیمتی تاریخی اشیاء کی توڑ پھوڑ کے خلاف ق لیگ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا دی
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین خاں نے اقبال منزل سیالکوٹ میں فائرنگ اور حکیم الامت کے زیراہتمام رہنے والی قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ کے سنگین واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کے
خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سنگین واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائے ۔ تحریک جمع کروانے کے بعد چودھری ظہیرالدین خاںنے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقبال منزل جو ایک تاریخی عمارت ہے اور اندرون و بیرون ملک مقیم کروڑوں پاکستانیوں اور دنیا کے ہر ملک کے شہریوں کے لئے عقیدت کا باعث ہے، میں فائرنگ اور توڑ پھوڑ کا واقعہ سکیورٹی نہ ہونے کے باعث ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ واقعہ کی جوڈیشل انکوائری بھی ہونی چاہئے کہ تاریخی عمارت کی حفاظت کے لئے کیا فول پروف انتظامات کئے گئے تھے اور کس کی غفلت کے باعث فائرنگ کا شرمناک واقعہ رونما ہوا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمردیاسمین رانا نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے لوٹ کھسوٹ اور مسلم لیگ ن نے عوام کی خدمت کی مثالیں قائم کی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ دہشت گردی کی تازہ اور خوفناک لہر سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ دہشت گردی کی تازہ اور خوفناک لہر سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ پاکستان کو جمہوریت کی پٹڑی سے ڈی ریل کرنے کیلئے اندرونی و بیرونی قوتیں انتخابات ملتوی کرانے کے ایجنڈے پر تیزی سے عمل پیرا ہیں ۔کوئٹہ کا المناک سانحہ ،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتیں اور فاٹا میں بم دھماکوں کے واقعات اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں ۔سیاسی و دینی جماعتیں انتخابات ملتوی کرانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہوجائیں ورنہ ملک ایک بار جمہوریت کی پٹڑی سے اترگیا تو اسے دوبارہ جمہوریت کی راہ پر لانا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہوجائے گا ۔انہوں نے یہ بات پیر کے روزمنصورہ سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کہی۔سید منور حسن نے
کہا کہ کوئٹہ میں 10جنوری کے سانحہ کے بعد سیکیورٹی اداروں کا فرض تھا کہ وہ ناصرف دہشت گردی کے اس بدترین واقعہ کے مجرموں کو ڈھونڈ کر کیفر کردار تک پہنچاتے بلکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جاتے ،مگر سیکیورٹی اداروں اور خفیہ ایجنسیوںکی ناکامی کا فائدہ اٹھا کر ملک دشمن قوتوں کو قوم کے جسم پر ایک اور زخم لگانے کا موقع مل گیا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ درجنوں معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،مارکیٹوں ، گاڑیوں اور پٹرول پمپوں کو نذر آتش کرکے اور جگہ جگہ فائرنگ کے واقعات سے خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے ،جوانتخابات کو سبو تاژ کرنے کی سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار پر قابض ٹولہ اختیار ات چھن جانے اور سابقہ لوٹ مار کی باز پرس سے خوف زدہ ہے اور کسی صورت بھی اقتدار چھوڑنے پر تیار نہیں،اس لئے انتخابات کو ملتوی کرانا ان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے ۔سید منور حسن نے کہا کہ پانچ سال تک تمام تر حکومتی مراعات اور ٹھاٹھ باٹھ انجوائے کرنیوالوں کو کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اچانک تشویش لاحق ہوگئی ہے اور انہیں پتہ چلا ہے کہ کراچی میں بہنے والے خون کی وجہ حکومتی نااہلی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ زرداری کے ساتھ ملی بھگت سے سندھ میں مرضی کا نگران سیٹ اپ لانے کیلئے کیا ہے جبکہ کراچی کے شہریوں اور قوم کی آنکھو ں میں دھول جھونکنے کیلئے جھوٹا پروپیگنڈے کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کیلئے ضروری ہے کہ زرداری گورنرسندھ سے بھی فوری طور پراستعفیٰ لیں اورانہیں اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے ۔جب تک سندھ میں ایم کیو ایم کا گورنر موجود ہے حکومتی امور میں ان کی مداخلت اور کراچی سمیت سندھ میں دہشت گردی کی وارداتوں کو روکا جاسکتا ہے اور نہ امن وامان کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ مرکزی یا صوبائی نگران حکومتوں میں ایم کیو ایم کی ڈکٹیشن پر بھرتیاں کی گئیں اور جعلی نگران سیٹ اپ قائم کیا گیا تو پانچ سال تک حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے والی جماعتیں ایسی حکومتوں اور ان کی موجودگی میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو قبول نہیںکریں گی ۔سید منور حسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں ہونے والی افسروں
کی اکھاڑ پچھاڑ کافوری طور پرنوٹس لے ،اوربڑے پیمانے پر ہونے والے تبادلوں اور جعلی تقرریوں کو روکا جائے ۔ سید منور حسن نے کہاکہ نادرا کے تعاون سے متحدہ کو الیکشن کال سنٹر تک رسائی دینا انتہائی تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نادرا کا معاہدہ صرف الیکشن کمیشن سے ہے ۔ ملک بھر کے عوام کے انتہائی حساس ڈیٹا تک صرف ایم کیو ایم کو کس طرح رسائی دی گئی ہے ؟جبکہ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹیں ویب سائٹ پر نہیں ڈال رہاکہ اس سے سیکورٹی رسک او ر قومی مفادات کو نقصان پہنچ سکتاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیدوار برائے حلقہ پی پی 98 سید ایثار شاہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ بم دھماکا دہشت گردی کیخلاف جاری نام نہاد جنگ کا شاخسانہ ہے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)امیدوار برائے حلقہ پی پی 98 سید ایثار شاہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ بم دھماکا دہشت گردی کیخلاف جاری نام نہاد جنگ کا شاخسانہ ہے۔وہ وقت دور نہیں جب پاکستان پر مزدوروں کسانوں محنت کشوں کی حکومت ہوگی۔محروم طبقہ اپنے ووٹ کے ذریعے چوروں لٹیروں اور ڈاکوئوں کی حکومت کو نکال باہر کرے گا اور قوم کا مستقبل تاریک کرنیوالے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔سید ایثار شاہ نے مزیدکہا کہ ہرصورت عام انتخابات شیڈول کے مطابق شفاف اورآزادانہ ہونے چاہئیں، انتخابات نہ ہوئے تو بدترین تباہی آئیگی۔ملک کے وجود کوخطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما وسابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ نواز شریف چاروں صوبوں کے لئے روشنی کی علامت بن گئے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما وسابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ نواز شریف چاروں صوبوں کے لئے روشنی کی علامت بن گئے،مسلم لیگ ن میں اہم راہنمائوں کی شمولیت نواز شریف کی قیادت کا اعتراف ہے،آنے والے دنوں میں اور بھی بڑے بڑے نام مسلم لیگ ن کی چھتری تلے آجائیں گے،دھوکہ دہی کی
سیاست کرنے والے فریبی حکمران اتحادی اور جعلی انقلابی نوشتہء دیوار پڑھ لیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر حال ہی میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والے ممبر پنجاب اسمبلی قیصر اقبال سندھوکے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو استحکام بخشنے والی جماعت ہے شریف برادارن عوام کی سچی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ، ملک بھر سے اہم سیاسی راہنمائوں کی جوق در جوق مسلم لیگ ن میںشمولیت نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت کا اعتراف ہے،عوام نے پانچ سال میں اسلام آباد میں بیٹھی لٹیری قیادت اور خادم پنجاب کی کارکردگی کا فرق اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے،زرداری ٹولے کی لوٹ مار اور نااہلی کے باعث ملک کو اس وقت چاروں جانب سے سنگین بحرانوں نے گھیرے میں لے رکھا ہے سٹیل مل ،پی آئی اے اور ریلوے جیسے بڑے ادارے تباہی اوربربادی کا نمونہ بنے ہوئے ہیںجبکہ پنجاب حکومت نے شہباز شریف کی قیادت میں صوبے میںترقی کے جال بچھا دئیے ہیں،میٹرو بس منصوبے سے عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا،ممبر صوبائی اسمبلی قیصر اقبال سندھو نے کہا کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ نواز شریف جیسی محب وطن اور با اصول قیادت کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں،ملک کی بہتر خدمت صرف مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے کی جا سکتی ہے،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خان،میاں وقار عزیز،سابق چیئرمین پبلک سیفٹی کمیشن رانا خالد محمود،ملک محمد ارشاد بھی موجود تھے۔