ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے

مصطفی آباد : ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، نو منتخب صدر ممنوں حسین اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کا اعلان خوش آئندہ بات ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ نو منتخب صدر اور وزیراعظم پاکستان نے یہ اعلان کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے دلوں میں موجود جذبات کو سمجھتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ کے حوالے سے پیشرفت ہورہی ہے، کابینہ کی منظوری کے بعد کونسل آف یورپ کنونشن کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا جائے گا اور پاکستان باضابطہ طورپر درخواست کرے گا۔سابقہ حکومت میں امریکی تو ریمنڈ ڈیوس کو واپس لے گئے تھے اور لیکن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی تھی۔

ان خیالات کا اظہارایم پی ایز محمد یعقوب ندیم سیٹھی اور حاجی نعیم صفدر انصاری نے مصطفی آباد میں صحافیوںسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو مسلم لیگ ن کے قومی ایجنڈے سے ملک و قوم کی تقدیر سنور جائے گی۔ ایٹمی پاکستان سے اندھیروں کی رخصتی کے دن اب زیادہ دور نہیں، ہماری قیادت شہر قائد سمیت مختلف شہروں میں سے بدامنی کے انگاروں کو بجھا دے گی۔ ہمارے قائد اور وزیراعظم میاں نواز شریف کا ویژ ن ان کی کمٹمنٹ اور پنجاب حکومت کی مثالی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے چاروں صوبوں کے عوام نے جی بھر کے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا۔

قومی بحرانوں پر قابو پانے، بجلی چوری، بدعنوانی اور بدامنی کے سدباب کیلئے عوام حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ میاں نواز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا۔ سنجیدہ سرمایہ کار شخصیات کے نزدیک پاکستان میں سرمایہ لگانے کیلئے وزیراعظم میاں نواز شریف سے زیادہ کوئی قابل اعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب میاں شہباز شریف نے بدل دیا پنجاب اب وزیراعظم میاں نواز شریف پاکستان بدلیں گے۔