ڈاکٹر امجد کی قیادت میں آل پاکستان مسلم لیگ مزید منظم وفعال ہوگی کارکنان کا اعتماد و یقین

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے والے مفاد پرست عناصر کا پارٹی سے اخراج پارٹی مستقبل کیلئے نیک شگون ہے کیونکہ انہی برطرف عہدیداران کی مفاد پرستی کے باعث اے پی ایم ایل عوام میں مضبوط جڑیں بنانے اور پرویز مشرف کی پاکستان آمد پر ان کا شایان شان استقبال کرنے میں ناکام رہی۔

یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان و عہدیداران کے اجلاس میں شریک کارکنان و عہدیداران نے مفاد پرست عناصر کی اے پی ایم ایل سے برطرفی پر اظہار مسرت ‘آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پرویز مشرف کی قیادت پر اظہار اعتماداور مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد کے فیصلوں سے انحراف کر نے والوں کی وفاداری کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر کارکنان نے عہد کیا کہ مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد کے تمام فیصلوں کی پاسداری اور ہدایات پر عملداری کویقینی بنایا جائے گا کیونکہ ڈاکٹر امجد کے تمام فیصلے پرویز مشرف کی مشاورت و ہدایات ہی کا اظہار ہوتے ہیںاور ان کے فیصلے آل پاکستان مسلم لیگ کو پہلے سے زیادہ منظم و فعال بنانے اور عوام میں اے پی ایم ایل کی جڑیں مضبوط کرنے میں اہم کردار اداکریں گے۔