دوحا معاہدہ ہی پرامن افغانستان اور 20 سالہ جنگ کے خاتمے کا مختصر ترین راستہ ہے: طالبان

Taliban

Taliban

افغانستان (اصل میڈیا ڈیسک) افغان طالبان نے امریکی صدر جو بائیڈن کے افغانستان سے فوج کے انخلاء سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوحا معاہدہ ہی پرامن افغانستان کے قیام اور 20 سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے دانشمندانہ اور مختصر ترین راستہ ہے۔

امریکی صدر کے بیان پر ردعمل میں افغان طالبان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر نے دوحا معاہدے اور غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء سے متعلق مبہم بیان دیا، بعض نیٹو ممبر بھی افغانستان میں قیام کی توسیع کےخواہاں ہیں۔

افغان طالبان کا کہنا ہے کہ دوحا معاہدہ ہی پرامن افغانستان کے قیام اور 20 سالہ کے خاتمے کے لیے دانشمندانہ اور مختصر ترین راستہ ہے۔

طالبان کا مزید کہنا ہے کہ امارات اسلامی معاہدے میں کیے گئے اپنے وعدوں پر مضبوطی سےکاربند ہے، چاہتے ہیں امریکا بھی دوحا معاہدے پر مضبوطی سےکاربند رہے۔

امارات اسلامی افغانستان کا کہنا ہے کہ امریکا جنگ چاہنے والے حلقوں کے اکسانے کی وجہ سے تاریخی موقع ضائع نہ کرے۔

افغان طالبان نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ طے شدہ تاریخ پر تمام فوجی نہ نکلے تو اسے امریکا کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ مئی تک افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء ممکن نظر نہیں آتا تاہم اگلے سال امریکی فوج کو افغانستان میں نہیں دیکھ رہا۔