ڈرون حملوں کا تعلق خارجہ اور دفاعی پالیسی سے ہے، وفاقی حکومت حملے رکوائے : عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کا براہ راست تعلق خارجہ اور دفاعی پالیسی سے ہے، اس لیے انہیں روکنے کی ذمے داری وفاقی حکومت پر ہی عائد ہوتی ہے۔ عمران خان نے شمالی وزیر ستان میں ڈرون حملے اور اس میں اٹھارہ افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ڈرون حملے رکوانے کے وعدے پورے کرے۔

وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے وعدوں کے باوجود پیش رفت نہ ہونا قابل افسوس ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف ڈرون حملوں اور ان میں بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام روکنے کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون کے لیے تیارہے۔ عمران خان نے کہا کہ ڈرون حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔