زلزلہ زدگان کی مکمل بحالی زندگی تک امدادی کاموں کو جاری رکھا جائے گا۔ ساجد رفیق

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی سٹی ایریا PS-116کے صدر ساجد رفیق ،جنرل سیکریٹری اکبر بلوچ ،انفارمیشن سیکریٹری عبدالرحمن اور ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری حیدر علی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے غریب عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی مکمل بحالی زندگی تک اوران سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھ کر اپنے بلوچ بھائیوں کی مکمل دادرسی کرینگے ان خیالا ت کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے صوبہ بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی بحالی زندگی کی لئے پیپلز سیکریٹریٹ کراچی میں PS-116کے تحت قائم امدادی کیمپ کے اختتام پر کیا ۔پیپلز پارٹی سٹی ایریا PS-116کے رہنمائوں نے کہاکہ اپنے مصیبت میں گھرے بلوچ بھائیوں کے لئے پوری قوم فکر مند ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عوام کو اس مصیبت کی گھڑی سے نکالنے کے لئے اپنی تمام تر سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

انشا اللہ صوبہ بلوچستان کے علاقے اوران سمیت دیگر علاقوں میں زندگی کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے زلزلہ زدگان کی بحالی زندگی کے لئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور خصوصاً مخیر حضرات کی جانب سے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور دل کھول کر عطیات دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیربھٹو کے مشن کو چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت میں پورا کیا جائے گا۔