مشرقی یوکرین میں جھڑپوں کےدوران 5 فوجیوں سمیت 16 افراد ہلاک

Ukraine Soldiers

Ukraine Soldiers

کیف (جیوڈیسک) مشرقی یوکرین میں روس نواز باغیوں اور فوج کے درمیان جھڑپوں میں 5 فوجیوں سمیت 16 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی یوکرین کے شہر ڈونٹسک اور لوہانسک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فوج اور روس نواز باغیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں 5 فوجیوں سمیت 16 عام شہری ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق حالیہ ہلاکتیں مشرقی یوکرین کے شہروں ڈونٹسک، ڈیبالٹ سیو اور لوہانسک کے علاقوں میں ہوئی ہیں تاہم مرنے والوں کی صحیح تعداد کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔

واضح رہے کہ یوکرینی حکام اور روس نواز باغیوں کے درمیان گزشتہ سال ستمبر میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا جو ہفتے کے روز فائرنگ کے تبادلے کے بعد ختم کردیا گیا جبکہ دونوں جانب سے فائرنگ کے الزامات ایک دوسرے پر لگائے جارہے ہیں۔