مصر نے عرب لیگ کے سکریٹری جنرل کے لیے ایک بار پھر ابو الغیط کو نامزد کر دیا

Ahmed Aboul Gheit

Ahmed Aboul Gheit

قاہرہ (اصل میڈیا ڈیسک) مصر نے احمد ابو الغیط کو عرب لیگ کی دوسری مدت کے لیے سکریٹری شپ کے واسطے نامزد کر دیا ہے۔

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے عرب قیادت کو پیغامات ارسال کیے ہیں۔ ان میں کہا گیا ہے کہ مصر ایک بار پھر احمد ابو الغیط کو دوسری مرتبہ عرب لیگ کے سکریٹری کے طور پر نامزد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ مدت پانچ برس کے لیے ہو گی۔ مصری صدر اس نامزدگی کے واسطے عرب قیادت کی جانب سے سپورٹ کے بھی خواہاں ہیں۔

مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی کے مطابق “مصر رابطہ کاری کے ساتھ انجام دیے گئے عرب عمل کا خواہش مند ہے جس کا مقصد عرب عوام اور مفادات کی خدمت ہے۔ عرب لیگ کے سکریٹری جنرل (احمد ابو الغیظ) نے اپنی پہلی مدت کے دوران دانش مندانہ انتظامیہ کے ساتھ اسی نہج کا نمونہ پیش کیا۔ اس کا مقصد عرب دنیا کو درپیش بھرپور چیلنجوں کے دوران مشترکہ عرب عملی نظام کو یقینی بنانا تھا”۔

یاد رہے کہ 12 جون 1942ء کو پیدا ہونے والے احمد ابو الغیط 10 مارچ 2016ء کو عرب لیگ کے سکریٹری جنرل کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے نبیل العربی کی جگہ یہ منصب سنبھالا تھا جن کی مدت جون 2016ء میں اختتام پذیر ہوئی۔

احمد ابو الغیط جولائی 2004ء سے مارچ 2011ء تک مصر کے وزیر خارجہ رہ چکے ہیں۔