مصری فوج کے سربراہ کی عوام کو پرامن رہنے کی ہدایت

Egypt

Egypt

مصری (جیوڈیسک) فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے عوام کو پھر پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عبوری وزیر اعظم سابق حکمران جماعت کے ارکان کو کابینہ میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔ امریکا نے مصر میں تبدیلی کی حمایت کر دی ہے۔ قاہرہ فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح کا پیغام سرکاری ٹی وی پر پڑھا گیا۔ ان کا کہنا ہے ملک کا مستقبل سب سے زیادہ اہم ہے۔ قوم کے سامنے راستہ واضح ہے۔

انتقال اقتدار میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مصری عوام بھی اس مشکل وقت میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ ادھر سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق عبوری وزیر اعظم حزیم البیبلوی نے اپنی کابینہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کو بھی کابینہ میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب اخوان المسلمون نے نئی تقرریاں اور انتخابی پروگرام شیڈول مسترد کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز نے معزول صدر کے سیکڑوں حامیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں شامی اور فلسطینی بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے مصر کی ان مشکل حالات میں تین ارب ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے مصر میں تبدیلی کی حمایت کر دی ہے۔ ترجمان جین سیکی نے واشنگٹن میں میڈیا کو بتایا کہ امریکا مصر کے جمہوریت کی جانب سفر کی حمایت کرتا ہے۔ ہمیں معلوم ہے اس میں وقت لگے گا۔