مصر : معزول صدر مرسی کی نظر بندی میں توسیع

President Mercy

President Mercy

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کی ایک عدالت نے معزول صدر محمد مرسی کی نظر بندی کی میعاد مزید پندرہ روز کے لیے بڑھا دی ہے۔ مرسی کے خلاف فلسطینی تنظیم حماس کے ساتھ تعاون کے حوالے سے ایک مقدمہ بھی زیر سماعت ہے۔ مرسی کو مصری فوج نے تین جولائی کو اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا۔

دوسری جانب مصر کی عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ محمد مرسی کے حامیوں کی طرف سے دھرنوں کے سلسلے کو ختم کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز جلد ہی کارروائی کر سکتی ہیں۔

حکومتی انتباہ کے باوجود مرسی کے حامی قاہرہ کے دو اہم مقامات پر دھرنا دیے ہوئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مرسی کی بحالی تک ان کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مغربی اور عرب ممالک کے علاوہ اعلی مصری حکام کی بھی کوشش ہے کہ فوج مظاہرین کے خلاف طاقت استعمال نہ کرے کیوں کہ اس سے بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔