مصر میں عبوری حکومت کا قیام بھی مسئلہ بن گیا

Egypt

Egypt

مصر(جیوڈیسک) میں عبوری حکومت کا قیام بھی مسئلہ بن گیا ہے، محمد البرادی کی تقرری پر اختلافات کی وجہ سے زیاد بہاالدین کے عبوری وزیراعظم بننے کا امکان ہے۔ ادھر ملک بھر میں معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفوں کے درمیان جھڑپیں اور احتجاجی ریلیاں جاری ہیں۔ محمد مرسی کی معزولی کیبعد مصر میں عبوری حکومت کی تشکیل کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے۔ اسلامی جماعتوں کی مخالفت کی وجہ سے لبرل سیاست دان محمد البرادی کی بطور وزیر اعظم نامزدگی واپس لے لی گئی ہے۔

صدارتی ترجمان احمد مسلمانی نے کہا ہے کہ زیاد بہا الدین کو وزیر اعظم نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ محمد البرادی کو نائب صدر مقرر کیا جا سکتا ہے۔ زیاد بہاالدین حسنی مبارک کے دور حکومت میں سرمایہ کاری کے محکمے کے سربراہ مقرر کئے گئے لیکن جلد ہی مستعفی ہو گئے۔

ادھر مصر کے مختلف شہروں میں ہنگامے جاری ہیں۔ اسکندریہ میں معزول صدر کے حامی اور مخالف آمنے سامنے آ گئے۔ جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب قاہرہ میں محمد مرسی کے مخالفوں نے صدارتی محل تک مارچ کیا۔ شرکا نے فوج کی حمایت اور امریکا کی مخالفت میں نعرے لگائے۔ قاہرہ میں ایک بار پھر فضائیہ نے فلائی پاسٹ کیا جسے ہزاروں لوگوں نے دیکھا۔